اسرائیل حماس کشیدگی ،امریکی مالک مکان نے 6 سالہ مسلمان بچے کو چاقو سے وارکرکے قتل کر دیا
فوٹو فائل
شکاگو: امریکی شہر شکاگو میں ایک عمر رسیدہ شخص نے اسرائیل اور حماس کی جنگ کے ردعمل میں 6 سالہ مسلمان بچے کو چاقو کے پے در پے وار کرکے قتل کردیا جبکہ حملے میں اس کی والدہ کو بھی زخمی کردیا گیا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شکاگو پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ شکاگو سے تقریباً 64 کلومیٹر جنوب مغرب میں پلین فیلڈ ٹاؤن شپ میں ایک عمر رسیدہ شخص نے 6 سالہ فلسطینی بچے ودیہ الفیوم کو فوجی طرز کے چاقو سے 7 انچ (18 سینٹی میٹر) سیرٹ بلیڈ سے 26 بار وار کر کے قتل جبکہ اس کی32 سالہ والدہ حنان شاہین کو شدید زخمی کر دیا ہے۔
زخمی خاتون کی ایمرجنسی سروس پر شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 71 سالہ جوزف زوبا نامی شخص کو حراست میں لیتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جب وہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو ملزم زوبا گھر کے باہر زمین پر بیٹھا ہوا تھا جس کی پیشانی پر زخم تھا جبکہ مقتول اور متاثرہ خاتون اپنے بیڈ روم میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کو پولیس سٹیشن منتقل کرنے سے پہلے علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔
کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز ( سی اے آئی آر) شکاگو کے دفتر کے سربراہ احمد ریحاب نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزم نے واردات سے قبل کرایہ داروں کے دروازے پر دستک دی اور بچے کا گلا دبا کر مارنے کی کوشش کی ، اس کا کہنا تھا کہ تم مسلمانوں کو مر جانا چاہیے اسی دوران خاتون قاتل سے اپنے بچے کو چھڑانے کے دوران 911 کو کال کرنے میں کامیاب رہی ۔
سی اے آئی آر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ سیاستدانوں، میڈیا آؤٹ لیٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے پھیلائی جانے والی اسلامو فوبک بیان بازی اور فلسطینی مخالف نسل پرستی کو روکنا چاہیے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اطلاعات کے مطابق مسلمانوں کو دی جانے والی دھمکیوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہمیں چوکنا رہنا ہوگا ۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں ملوث جوزف زوبا نامی شخص پر نفرت پر مبنی جرم کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
Comments are closed.