امریکی صدر جوبائیڈن کل اسرائیل جائیں گے

45 / 100

فائل:فوٹو

واشنگٹن:غزہ اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران اب امریکا کے صدر جوبائیڈن کل اسرائیل جائیں گے۔امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ حماس کے دہشت گرد حملے کے خلاف اظہارِ یکجہتی کے لیے اسرائیل جاوٴں گا، اسرائیل کے دورے کے بعد اردن کا سفر کروں گا۔
ایک بیان میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ اردن کا سفر سنگین انسانی ضروریات سے نمٹنے اور رہنماوٴں سے ملاقات کے لیے کروں گا۔حماس فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کے لیے کھڑی نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا ہے کہ کچھ بنیادی اقدار ہیں جو ہمیں امریکیوں کے طور پر اکٹھا کرنا چاہئیں، بنیادی اقدار میں نفرت، نسل پرستی، تعصب اور تشدد کے خلاف کھڑا ہونا ہے، نفرت کی کارروائیاں ہماری بنیادی اقدار کے خلاف کھڑی ہیں اور امریکا میں نفرت انگیزی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے تل ابیب میں امریکی سفارت خانے میں ایک مختصر پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ صدر بائیڈن اسرائیل، خطے اور دنیا کے لیے ایک نازک لمحے میں یہاں آ رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انٹونی بلنکن نے تل ابیب میں اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے ساتھ کئی گھنٹے طویل ملاقات بھی کی تھی۔

علاوہ ازیں امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کی اسرائیلی وزیرِ دفاع سے ملاقات ہوئی۔اس موقع پر اسرائیلی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ امریکا ہمارا عظیم اتحادی ہے، امریکی اعلیٰ حکام روز اسرائیل آ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 2800 سے تجاوز کر چکی ہے۔میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شہید ہونے والوں میں 1 ہزار سے زائد بچے بھی ہیں۔

Comments are closed.