اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری جاری، 900 سے زائد فلسطینی شہید
فائل:فوٹو
بیت المقدس: اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر بمباری کاسلسلہ جاری ہے، صیہونی افواج نے چند دن میں 200 شہری مقامات کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 900 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 4600 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، شہداء میں 143 بچے اور 105 خواتین شامل ہیں۔
قابض اسرائیلی فوج نے بزرگ، خواتین، زخمیوں اور ہسپتالوں پر وحشیانہ بمباری کی، زخمیوں کو ہسپتال لے جانے والی 4 ایمبولینسز پر بھی حملہ کیا گیا، اسرائیل کی بحریہ نے بھی کارروائی میں حصہ لیتے ہوئے غزہ کے ساحل پر شدید بمباری کی۔
اسرائیل نے صحافیوں کو بھی نہ بخشا، غزہ میں میڈیا دفاتر پر گولے گرنے کے نتیجے میں متعدد صحافی بھی جاں بحق ہوئے، پناہ گزین کیمپ پر حملے میں درجنوں فلسطینی لقمہ اجل بن گئے، جنگ کی وجہ سے ہسپتالوں میں ادویات اور دیگر طبی سہولیات کا شدید فقدان پیدا ہو گیا ہے۔
اسرائیلی افواج نے غزہ کے بعد لبنان پر بھی حملہ کر دیا، حملے میں حزب اللہ کے 4 جنگجو شہید ہوئے، جوابی کارروائی میں اسرائیلی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں 2 اسرائیلی فوجی مارے گئے، اسرائیل نے غزہ کی باڑ پر دوبارہ مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب حماس کی جانب سے بھی اسرائیل کے علاقوں پر لگاتار حملے جاری ہیں، حملوں میں اسرائیلی ٹینکوں اور طیاروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، القسام بریگیڈز نے اسرائیل کیخلاف استعمال ہونے والے دھماکا خیز مواد سے لدے ڈرونز کی ویڈیو جاری کر دی، ویڈیو میں جنگی طیاروں کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں سے نشانہ بناتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
القسام بریگیڈ نے اسرائیل میں زمینی کارروائی بھی شروع کر دی ہے، حماس کے حملوں میں اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلی شہریوں کی تعداد 1254 تک پہنچ چکی ہے جن میں 14 امریکی بھی شامل ہیں جبکہ 2 ہزار 800 سے زائد زخمی ہیں۔
حماس نے کہا ہے کہ مقاصد حاصل کر لیے، طویل جنگ کیلئے بھی تیار ہیں، مذاکرات نہیں ہوں گے، اسرائیل کو اس کی زبان میں جواب دیا جائے گا، پہلے جنگ بندی پھر بات چیت ا?گے بڑھے گی، 155 سے زائد اسرائیلی فوجی حماس کی قید میں ہیں، فلسطینیوں پر ہر یلغار کے جواب میں ایک صیہونی قیدی مار دیا جائے گا، غزہ پر حملے کے نتیجے میں ہلاک کیے جانے والے ہر اسرائیلی قیدی کی فوٹیج جاری کی جائے گی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مکمل محاصرے کے اعلان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں بجلی، ایندھن، کھانا بند ہونے سے سنگین صورتحال مزید بگڑ جائے گی، غزہ میں بے یارو مددگار فلسطینیوں کیلئے انسانی امداد نہ روکی جائے، عالمی برادری بھی فوری انسانی امداد کیلئے آگے آئے۔
Comments are closed.