سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا فلسطینی صدر محمود عباس سے رابطہ

50 / 100

فوٹو : عرب نیوز فائل

الریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا فلسطینی صدر محمود عباس سے رابطہ ہوا ہے جس میں غزہ اور اس کے گرد و نواح میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی اور بگڑتی ہوئی صورتحال پر بات چیت کی گئی.

دونوں رہنماؤں نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری لڑائی کے دوران شہریوں کی زندگی، خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ لاحق ہے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

عرب نیوز نے ایس پی اے کے حوالے سے بتایا ایک ٹیلی فونک رابطے میں شہزادہ محمد بن سلمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب تمام بین الاقوامی اور علاقائی فریقوں کے ساتھ رابطے کرکے جاری کشیدگی اور خطے میں اسے پھیلنے سے روکنے کی تمام کوششیں کر رہا ہے۔

اس حوالے سے اردو نیوز کے مطابق انہوں نے بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کرنے اور شہریوں کو نشانہ نہ بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سعودی عرب مہذب زندگی کےلیے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول، ان کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنے، منصفانہ اور دیرپا امن کے حصول کےلیے ان کے ساتھ بدستور کھڑا ہے۔

صدر محمود عباس نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلسطینی عوام اور ان کے منصفانہ کاز کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے سعودی عرب کے مضبوط موقف اور کوششوں کو سراہا۔

Comments are closed.