نگران وزیرداخلہ کے نوازشریف کی گرفتاری سے متعلق بیان پرہلچل مچ گئی

52 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد: نگران وزیرداخلہ کے نوازشریف کی گرفتاری سے متعلق بیان پرہلچل مچ گئی ، سرفراز بگٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے کہا تھا کہ قانون کے مطابق سلوک ہوگا۔

نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے حالیہ بیان میں کہا گیا تھا کہ نوازشریف کو عدالت سے ضمانت نہ ملی تو گرفتار کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں نواز شریف خود بھی گرفتار ہونا ہی چاہیں گے، ایک ملزم کو جہاز سے گرفتار کرنے کیلئے کوئی بڑی فورس نہیں چاہیے ہوتی۔

سرفراز بگٹی پہلے شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں، رانا ثنااللہ 

جواب میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان کو ’حد سے تجاوز‘ قراردیتے ہوئے کہا کہ سرفراز بگٹی بیان دینے سے پہلے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے، نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیس بنا کر ملک اور عوام کے ساتھ دشمنی کی گئی۔

اس کے بعد نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کی جانب سے وضاحتی بیان بھی سامنے آگیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، یہ بات خوش آئند ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا نے کہا کہ پاکستان کی عوام کا ایک بڑا حصہ نواز شریف کو خوش آمدید کرنے کی تیاریوں میں مشغول ہے اور وطن واپسی پر نواز شریف سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔

نگران وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ چہ مگوئیوں اور مفروضوں سے باہر نکل کر معاملات کو حقیقت کے آئینے سے دیکھنا ہوگا، نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کرے گی۔

Comments are closed.