طورخم بارڈر 9 روز بعد کھول دیا گیا،آمدورفت بحال
فائل:فوٹو
پشاور :افغانستان کی جانب سے اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کے بعد طورخم بارڈر 9 روز بعد کھول دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق افغانستان سے دو گاڑیاں پاکستان داخل ہوگئی ہیں، آمدورفت کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے، طور خم بارڈر کے دونوں جانب سے گیٹ کھلنے سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
خیال رہے کہ افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے پاکستانی ناظم الامور سے ملاقات میں افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کراتے ہوئے بارڈر کھولنے کی درخواست کی تھی
جس پر پاکستان کی جانب سے بارڈر کھولنے پر غور کیا گیا، طورخم بارڈر 9 روز بند رہنے سے تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہو کر رہ گئی تھیں۔
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ صرف پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہے، بھارت اس میں شامل نہیں، افغان عبوری حکومت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے موٴقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، افغانستان کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہو رہی ہے۔
Comments are closed.