فواد حسن فواد کے وفاقی وزیربنتے ہی نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ مقرر

50 / 100

فوٹو:فائل

اسلام آباد: فواد حسن فواد کے وفاقی وزیربنتے ہی نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ مقرر،مسلم لیگ کے صدر شہبازشریف نے اعلان کیاہے کہ قائد مسلم لیگ ن 21 اکتوبر کو پاکستان واپس جائیں گے۔

سولہ ماہ تک وزیراعظم رہ کر واپس لندن جانے والے لیگی رہنما شہبازشریف نے پارٹی اجلاس کے بعد ایک بیان میں کہا کہ نوازشریف 21 اکتوبر کو واپس جارہے ہیں اور پاکستان میں ان کاشاندار استقبال کیا جائے گا۔

مسلم لیگ (ن) کی قیادت عام انتخابات اور نواز شریف کی وطن واپسی پر ہونے والی بیٹھک میں طے پایا ہے کہ ن لیگی قائد 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے اس سے قبل 15 اکتوبر کی تاریخ دی گئی تھی جس میں اب 6 دن کی تاخیر کردی گئی ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور ملک سے بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ بھرپور مشاورت کے بعد فیصلہ ہوا ہے کہ 21 اکتوبر کو نواز شریف پاکستان آئیں گے، ادھر پاکستان میں نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے آج ہی وفاقی وزیر بنے ہیں.

شہبازشریف نے دعویٰ کیا کہ پورا پاکستان نواز شریف کی واپسی کا منتظر ہے، عام انتخابات کرانا الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا کام ہے،نئی مردم شماری کے تحت الیکشن کرانا ای سی پی کی ذمے داری ہے، وہ اپنی آئینی ذمے داری ادا کرے۔

اس سے قبل لندن میں نواز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شہباز شریف، سلیمان شہباز، حسن نواز، خواجہ محمد آصف اور دیگر رہنما موجود تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات سے متعلق حکمت عملی اور پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے امور پر غور کیا گیا،اجلاس میں جنرل الیکشن سے متعلق اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے موقف پر بھی غور کیا۔

واضح رہے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف 4 سال قبل جیل سے بیمارہونے پر چند ہفتوں کے علاج کےلئے لندن گئے تھے پھر واپس نہیں آئے، تاہم اس بات کا امکان بھی موجود ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کرکے خود کو کلیئر کرکےواپس آجائیں کیونکہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ تو اب باقی نہیں رہا۔

Comments are closed.