بجلی کے بھاری بلوں سے شوبز اداکاراؤں کے بھی ہو ش اڑ گئے 

فائل:فوٹو

لاہور: بجلی کے بھاری بلوں سے جہاں عام عوام مشکلات کا شکار ہیں وہیں شوبز شخصیات بھی ہوشربا بجلی بلوں سے پریشان ہوگئی ہیں ۔

حال ہی میں اداکارہ نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے شوبز سے وابستہ اپنی دوستوں ندا یاسر، سعدیہ امام اور فضا علی سے پوچھا کہ انکا آخری بجلی کا بل کتنا آیا ہے؟

نامور مارننگ شو ہوسٹ ندا یاسر نے بتایا کہ انکا بجلی کا بل ایک لاکھ روپے آیا ہے حالانکہ وہ 15 دن گھر پر موجود ہی نہیں تھیں۔

ندا کا کہنا تھا کہ ہم سارا دن اے سی نہیں چلاتے اور صرف پنکھے کا استعمال کرتے ہیں اور بچوں کو بھی اے سی چلانے سے منع کرتے ہیں، رات میں بھی صرف ایک اے سی چلا کر سب ایک ہی کمرے میں سوتے ہیں، بجلی کے مہنگے بلوں کی وجہ سے ہم سولر لگوانے کا سوچ رہے ہیں لیکن وہ بھی اب بہت مہنگا ہوچکا ہے۔

اداکارہ و ٹی وی میزبان سعدیہ امام نے بتایا کہ بجلی مہنگی ہونے کے بعد ان کا بل 67 ہزار روپے آیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنے گھر پر سولر سسٹم لگوا لیا ہے۔

سعدیہ کا کہنا تھا کہ سولر سسٹم لگوانے کے بعد ہمارا بل صرف 19 ہزار روپے آیا ہے حالانکہ اس دوران میری بھانجی کی شادی کیلئے مہمانوں کی آمد کی وجہ سے بجلی کا استعمال بھی زیادہ ہوا۔

اداکارہ فضا علی نے کہا کہ اے سی استعمال نہ کرنے اور بیشتر وقت گھر سے باہر ہونے کے باوجود انکا آخری بجلی کا بل 67 ہزار روپے آیا ہے۔

نادیہ خان نے بتایا کہ ہمارا بجلی کا بل بھی 75 ہزار روپے آیا ہے، حالانکہ میں تین ہفتے تو گھر پر نہیں تھی اور کام کے سلسلے میں تھائی لینڈ گئی ہوئی تھی اور بعد میں اسلام آباد میں اپنے والد سے ملنے چلی گئی۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے خوف ہے کہ جب ہم تین ہفتے گھر پر نہیں تھے اور بجلی کا بل 75 ہزار آیا ہے اور اس مہینے جب ہم گھر پر ہوں گے تو کتنا بل آئے گا؟، اے سی کو اب بہت کنجوسی سے استعمال کرنا ہوگا۔

Comments are closed.