ایشیاکپ میں پاکستان کا اچھاآغاز، نیپال کو238 رنز سے ہرادیا
بابراعظم اور افتخار احمد کی سنچریاں
فوٹو: پی سی بی
ملتان: ایشیاکپ میں پاکستان کا اچھاآغاز، نیپال کو238 رنز سے ہرادیا، نیپال کی ٹیم 343 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں 104 رنز پر ہمت ہار گئی، شاداب خان نے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
نیپالی ٹیم کا آغازبھی اچھا نہ تھا، شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں 2 وکٹیں لے کر حریف بڑا جھٹکا دے دیا۔ انہوں نے کوشال بھرتل اور کپتان روہیت پوڈیل کو پویلین کی راہ دکھائی۔
دوسرے اوور میں نسیم شاہ نے آصف شیخ کو آؤٹ کرکے نیپالی ٹیم کےلیے ہدف تقریباً ناممکن بنادیا،چوتھی وکٹ پر عارف شیخ اور سومبال کامی نے 59 رنز کی پارٹنرشپ بنائی ۔
نیپال کا مجموعی سکور جب73 رنز تھا توعارف شیخ کے حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہونے کے بعد گرین شرٹس نے نیپال کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
https://twitter.com/TheRealPCB/status/1696917146989982014?t=lfYv7FNe_xe-jKSgesL_vA&s=19
نیپالی بیٹنگ لائن 24ویں اوور میں 104 رنز پرڈھیر ہوگئی،سومپال کامی نے 28 اور عارف شیخ نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کیطرف سے شاداب خان 4 ،شاہین آفریدی اور حارث نے 2،2جبکہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،بابر اعظم کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل ایشیا کرکٹ کپ کے پہلے میچ میں پاکستان کا نیپال کو جیت کےلئے 343 کا ہدف دیا، بابراور افتخار کی سنچریاں، بابراعظم آخری اوور میں 151 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، افتخار ناٹ آوٹ رہے۔
پاکستان کے کپتان بابراعظم نےملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
فخر زمان اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا جس کے بعد 5.3 اوورز میں قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 21 رنز پر گر گئی جب فخر زمان 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
25 رنز پر دوسری وکٹ گر گئی جب امام الحق 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے،کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹیم کو 86 رنز کی پارٹنرشپ فراہم کرکے سہارا دیا۔
جب مجموعی سکور 111 تو محمد رضوان 44 رنز بنا آؤٹ ہوگئے،آغا سلمان 5 رنز کے مہمان ٹھہرے اور 124 کے مجموعے پر وہ سندیپ لمیچنے کی گیند پر ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد بابر اعظم اور افتخار احمد کے درمیان 131 گیندوں پر 214 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے پاکستان کو بڑے ہدف تک پہنچا دیا۔
بابر اعظم نے اپنے کیریئر کی 19ویں سنچری مکمل کی اور آخری اوور میں 151 رنز پر بنا آؤٹ ہوئے۔ انکی اننگز میں 14 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
افتخار احمد نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری بنائی اور 71 گیندوں پر 109 رنز بنا کا ناقابلِ شکست رہے۔ انہوں نے 11 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔
پاکستان ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنا کر نیپال کی ٹیم کو جیت کےلئے 343 رنز کا مشکل ہدف دے دیا۔
نیپال کی جانب سے سومپال کامی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کرن کے سی اور سندیپ لمیچنے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس جیتنے کے بعد بابراعظم نے کیا کہا؟
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ کی پوری تیاری ہے ، پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے، ہم اپنی کرکٹ انجوائے کریں گے، ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔
اس موقع پر نیپال کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم پہلی مرتبہ ایشیا کپ کھیل رہے ہیں۔
ایشیا کپ کے پہلے میچ کیلئے پاکستان نے نیپال کیخلاف پلیئنگ الیون کا اعلان گزشتہ شب کیا، ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔
سعود شکیل ، وسیم جونیئر اور آل راوٴنڈر فہیم اشرف کی جگہ افتخار احمد، حارث روٴف اور نسیم شاہ کو کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
افتتاحی میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں کپتان بابر اعظم، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا،افتخار احمد، محمد رضوان،محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث روٴف شامل ہیں۔
میچ شروع ہونے سے قبل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کی افتتاحی تقریب بھی ہوئی جس کے دوران پاکستانی رنگ میں رنگے غبارے فضا میں چھوڑے گئے۔
یاد رہے کہ ایشیا کرکٹ کپ 30 اگست سے 17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں شامل 6 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو گا جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں میں جوڑ پڑے گا، گروپ سٹیج میں ہر ٹیم 2،2 میچ کھیلے گی۔
دونوں گروپس کی پہلے 2 نمبرز پر آنے والی ٹیمیں ٹاپ 4 کیلئے کوالیفائی کر جائیں گی، فائنل ٹاکرا سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان 17 ستمبر کو کولمبو میں ہو گا۔
گروپ سٹیج میں روایتی حریف پاک بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو کینڈی میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان 10 ستمبر کو ٹاپ فور میں بھی ٹاکرا ہونے کا قوی امکان ہے۔
Comments are closed.