نیرج چوپڑا کی والدہ نے ارشد ندیم سے متعلق سوال پر صحافی کو خاموش کرادیا
فائل:فوٹو
ممبئی :ورلڈ ایتھلیٹک چیمپئن شپ کے جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے بھارت کے نیرج چوپڑا کی والدہ نے ارشد ندیم کے بارے میں سوال پوچھنے والے صحافی کو چپ کرا دیا۔کہا کہ میدان میں ملکوں کی کوئی تقسیم نہیں ہوتی اور تمام کھلاڑی برابر ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے نیرج چوپڑا کی والدہ سروج دیوی سے پوچھا کہ نیرج کے لیے یہ پاکستانی کھلاڑی کو شکست دینا کتنی بڑی کامیابی ہے؟
اس سوال پر نیرج کی والدہ نے جواب دیا کہ میدان میں ملکوں کی کوئی تقسیم نہیں ہوتی اور تمام کھلاڑی برابر ہیں۔
نیرج چوپڑا کی والدہ نے کہا کہ میں ارشد ندیم کے لیے سلور میڈل جیتنے پر خوش ہوں، دیکھو جی میدان میں جاوٴ گے تو سارے کھلاڑی ہیں، کوئی نہ کوئی تو جیتے گا۔
سروج دیوی نے کہا کہ پاکستان سے ہونا یا ہریانہ سے ہونا اس کی کوئی بات نہیں، جو پاکستان سے جیتا ہے اس کے لیے بھی خوش ہوں۔
اس موقع پر نیرج چوپڑا نے کہا کہ مجھے ارشد ندیم کے لیے خوشی ہوئی، ہم نے دونوں ممالک کے آگے بڑھنے کے بارے میں گفتگو کی، پہلے یورپین ایتھلیٹس تھے اب ہم ان کے لیول پر پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے بھی ارشد ندیم کی تعریف کی تھی اور تصاویر بنوائی تھیں۔
یاد رہے کہ ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں نیرج چوپڑا نے گولڈ اور ارشد ندیم نے سلور میڈل جیتا تھا۔
Comments are closed.