اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کردی،رہاکرنے کاحکم

47 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سزا معطل کرتے ہوئے رہاکرنے کاحکم دیدیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست پر محفوظ کیاگیا فیصلہ سنادیا ۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے فیصلہ سنایا ہے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پانچ اگست کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو حکم دیاہے انہیں ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیاگیاہے

چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بنچ کے روبرو سماعت ہوئی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ ملاقات والی درخواست پر آرڈر کردیں اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ امید ہے آج ویسے ہی سزا معطلی کی درخواست طے ہوجائے گی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے دلائل میں کہا کہ کیس میں پبلک پراسیکیوٹر کو بھی پہلے نوٹس کیا جانا ضروری ہے اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ شکایت تو الیکشن کمیشن نے فائل کی تھی ریاست نے نہیں، ٹرائل کورٹ میں آپ نے یہ بات نہیں کی آج آپ پہلی بار یہ بات کہہ رہے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے بھارتی سیاست دان راہول گاندھی کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں راہول گاندھی کیس میں پرائیویٹ کمپلینٹ کیس میں دو سال کی قید تھی، راہول گاندھی نے سزا معطلی کی درخواست دائر کی جو خارج کر دی گئی، عدالت نے فیصلہ دیا کہ سزا معطل کرنا کوئی ہارڈ اینڈ فاسٹ رول نہیں ہے۔

امجد پرویز نے دلائل میں کہا کہ ضابطہ فوج داری میں سزا معطلی کی درخواست میں شکایت کنندہ کو فریق بنانے کا ذکر نہیں، استدعا ہے کہ عدالت درخواست میں ریاست کو نوٹس جاری کرے، ریاست کو نوٹس جاری کیے بغیر اور موقف سنے بغیر سماعت آگے نہ بڑھائی جائے، راہول گاندھی کیس میں فیصلہ ہوا تھا کہ پبلک پراسیکیوٹر کو سننا ہے یا نہیں۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل کی جانب سے ظہور الہٰی کیس کا بھی حوالہ دیا گیا، امجد پرویز نے کہا کہ میں ابھی ان کی سزا معطلی کی درخواست کی مخالفت کر ہی نہیں رہا میں تو ابھی صرف یہ کہہ رہا ہوں کہ اس طرف جانے سے پہلے پبلک پراسیکیوٹر کو نوٹس کیا جانا لازمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں کم از کم سزا ایک سال جبکہ بھارت میں کم سے کم سزا تین سال ہے، سزاوٴں کے حوالے سے ہمارے اور بھارت کے قوانین میں بہت فرق ہے۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے مختلف عدالتی فیصلوں کے حوالے دیے اور عدالت سے پبلک پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا کردی، امجد پرویز نے کہا کہ ہمارے ہاں قانون ہے کہ ایک سال کی سزا ہو تو سزا سنانے والی عدالت فوری اسے معطل کرسکتی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ نیب کیسز میں کمپلیننٹ کو کبھی پارٹی نہیں بنایا جاتا، نیب کے قانون میں پراسیکیوٹر کی تعریف کی گئی ہے، نیب کیس میں سٹیٹ آتی ہی نہیں ہے، نیب پراسیکیوٹر کو سنا جاتا ہے، ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ نیب کو سنے بغیر کوئی آرڈر کیا جائے، فوج داری کیس میں سٹیٹ کو نوٹس ہونا ضرورت ہے، قانون میں شکایت کنندہ کا لفظ ہی نہیں ہے، سٹیٹ کا ذکر ہے۔

امجد پرویز نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل میں اٹھائے گئے اعتراضات کے جواب دیے اور سٹیٹ کو نوٹس کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے انہیں دلائل آگے بڑھانے کی ہدایت کردی۔

امجد پرویز نے کہا کہ اپیل کنندہ نے بھی یہ اعتراض نہیں اٹھایا کہ سیشن کورٹ ٹرائل کی مجاز نہیں، وہ کہتے ہیں کہ ٹرائل سیشن کورٹ کو ہی کرنا ہے مگر کمپلینٹ پہلے مجسٹریٹ کے پاس جانی چاہیے، الیکشن کمیشن کی شکایت درست فورم پر دائر نہ ہونے کا اعتراض اٹھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ پریکٹسز کے خلاف اِس قانون کے تحت تمام شکایات سیشن عدالت میں دائر ہوئیں، اگر مجسٹریٹ کی اسکروٹنی والی بات مان بھی لی جائے تو ٹرائل سیشن عدالت کو ہی کرنا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ مجسٹریٹ کو طے کرنا ہے کہ سیشن عدالت کا دائرہ اختیار بنتا ہے یا نہیں؟

بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو اب سنادیاگیاہے ۔
۔۔

Comments are closed.