امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر آسٹریلوی ساحل کے قریب گر کر تباہ ہوگیا،3 میرینز ہلاک
فوٹو: روئٹرز
کینبرا: امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر آسٹریلوی ساحل کے قریب گر کر تباہ ہوگیا،3 میرینز ہلاک ہوگئے، حادثے کے وقت ہیلی میں 23 امریکی میرینز سوار تھے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے ساحل کے قریب ملٹری ہیلی کاپٹر گر کرتباہ ہوا، آسٹریلیا میں فوجی مشقوں کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق حادثے میں 3 امریکی فوجی ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے،طیارے میں 23 اہلکار سوار تھے جن میں سے 5 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
اے ایف پی کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی جگہ سے 5 میرینز کو بچا لیا گیا تھا اور تشویشناک حالت اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
آسٹریلوی پولیس کا کہنا تھا کہ وہ جائے وقوع پر باقی زخمی عملے کی تلاش کررہے ہیں۔ امریکی فوجی حکام نے کہا کہ جہاز میں کُل 23 اہلکار سوار تھے۔
حکام کے مطابق 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے، جبکہ5 دیگر کو تشویشناک حالت میں رائل ڈارون اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کی وزارت دفاع نے کہا کہ حادثہ آسٹریلیا، امریکا، مشرقی تیمور، انڈونیشیا اور فلپائن کی سالانہ مشقوں کے دوران پیش آیا، آسٹریلین ڈیفنس فورس (اے ڈی ایف) نے کہا کہ ہیلی کاپٹر میں کوئی آسٹریلوی اہلکار سوار نہیں تھا۔
دوسری طرف آسٹریلیا کے وزیراعظم نے حادثے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور دفاع کے ایک محکمے کے طور پر ہماری توجہ واقعے کے بعد کی صورتحال اور اس بات کو یقینی بنانے پر ہے کہ اس مشکل وقت میں ہر طرح کی مدد کی جائے۔
Comments are closed.