عام انتخابات تین ماہ میں نہیں ہوسکتے،الیکشن کمیشن
فوٹو: فائل
اسلام آباد :الیکشن کمیشن آف پاکستان نے واضح کر دیاہے کہ عام انتخابات تین ماہ میں نہیں ہوسکتے، نئی مردم شماری کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کا کام شروع کر دیاگیاہے جو چار ماہ میں مکمل ہوگا،الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا۔
عام انتخابات تین ماہ میں ہونے کی امیدیں دم توڑ گئیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن اور شیڈول جاری کر دیا۔
چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں آئندہ عام انتخابات اور نئی مردم شماری کے بعد کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں انتخابی حلقہ بندیوں کا کام چار ماہ میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس پر کام آج سے ہی شروع کردیاگیاہے۔
الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کیلئے صوبائی حکومتوں اور ادارہ شماریات سے بھی معاونت طلب کرلی جبکہ متعلقہ حکام کو نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن سے جاری شیڈول کے مطابق حلقہ بندیاں چودہ دسمبر کو مکمل ہوں گی جبکہ پرانی حلقہ بندیوں کو منجمد کر دیاگیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق21 اگست کو چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے لئے حلقہ بندی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی،یکم سے 4 ستمبر تک حلقہ بندی کمیٹیوں کو ٹریننگ دی جائے گی۔
نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 9 اکتوبر کو شائع کی جائے گی جبکہ 10 اکتوبرتا 8 نومبر حلقہ بندیوں پراعتراضات عائد کئے جا سکیں گے، 10 نومبر سے 9 دسمبر تک حلقہ بندیوں پر اعتراضات دورکئے جائیں گے جس کے بعد 14 دسمبر 2023ء کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کاکہناہے کہ حالیہ ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے نتائج کی سرکاری اشاعت کے بعد الیکشن کمیشن پر نئی حلقہ بندیاں کروانا لازم ہے،۔ لہذا 90 روز میں عام انتخابات نہیں ہوسکتے ، نئی حلقہ بندیوں کا کام چار ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔جس کے بعد عام انتخابات کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔
Comments are closed.