کرکٹ ٹیم بھارت جائے گی یا نہیں؟ وزیراعظم کی بنائی کمیٹی ہاں کر سکی نہ ناں

57 / 100

فوٹو:فائل 

محبوب الرحمان تنولی 

اسلام آباد: کرکٹ ٹیم بھارت جائے گی یا نہیں؟ وزیراعظم کی بنائی کمیٹی ہاں کر سکی نہ ناں، گول مول سے موقف اپنا کر جان چھڑا لی گئی. 

زمینی حقائق ڈاٹ کام کی رپورٹ میں پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ٹیم بھارت ضرور جائے گی کیونکہ کمیٹی میں شامل جماعتوں کے ارکان بھارت کو ناراض نہیں کر سکتے، حالانکہ ورلڈکپ سے پہلے بھارت پاکستان نہ آنے کا اعلان کر چکا ہے. 

وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت کے بارے میں کہا ہے کہ قومی ٹیم کی بھارت میں سیکیورٹی کے معاملات آئی سی سی سے اٹھانے سمیت کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف کی تشکیل کردہ ہاٸی پروفاٸل کمیٹی کا اجلاس وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں ہوا۔

اجلاس میں قومی ٹیم کے بھارت میں سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے مختلف امور کا جاٸزہ لیا گیا لیکن کمیٹی بھارت کے پاکستان نہ آنے اور ایشیا کپ کے میچز سری لنکا میں کھیلنے کے باوجود شرکت کو بھارت کی آمد سے مشروط بھی نہ کرسکی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر احسان مزاری اور قمر زمان کاٸرہ نے  قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے کی مخالفت کی جبکہ دیگر کمیٹی ارکان نے ورلڈ کپ میں شرکت کی حمایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کے قومی ٹیم کی سیکیورٹی سے متعلق تحفظات سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو آگاہ کیا جائے گا اور بتایا جائے گا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے بھارت میں سیکیورٹی پر کوٸی کمپروماٸز نہ کیا جائے. 

کہا گیا ہے سیکیورٹی یقین دہانی ملنے پر ٹیم بھارت جائے گی وہ تو ہر میزبان ملک سکیورٹی کی یقین دہانی کراتا ہے جبکہ پاکستان کے ساتھ تو بھارت سکیورٹی نہیں تعصب کے باعث کھیلنے سے انکاری ہے. 

یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ معاملے کو آٸی سی سی کے ساتھ اٹھاے گا اور پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف حکومت کے تحفظات سے آٸی سی سی کو آگاہ کریں گے۔

واضح رہے وزیراعظم کی طرف سے کمیٹی بنانے کے بعد یہ توقع کی جارہی تھی کہ کمیٹی بھارت جانے پر ہاں یا ناں میں فیصلہ دے گی مگر ایک مبہم اور غیر واضح موقف اپنایا گیا. 

Comments are closed.