یو اے ای میں منشیات کی ترویج کرنے والے 2800 سے زائد سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک

46 / 100

فوٹو:فائل

اسلام آباد:متحدہ عرب امارات  کی وزارت داخلہ نے پچھلے تین سال میں منشیات کی ترویج کرنے والے 2800 سے زائد سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کر دیے۔وفاقی انسداد منشیات جنرل ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر سعید السویدی کا کہنا ہے کہ منشیات کی آن لائن مارکیٹنگ ایک چیلنج ہے لیکن ہم اس کی ہر ممکن سرکوبی کریں گے۔

وزارت داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سوشل میڈیا کمپنیز کے ساتھ مل کر آن لائن پلیٹ فارمز کو مانیٹر کیا تاکہ ممنوعہ اشیا کی خرید و فروخت میں ملوث اکاؤنٹس کی نشاندہی کی جاسکے۔

وفاقی انسداد منشیات جنرل ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر سعید السویدی کا کہنا ہے کہ منشیات گینگ نشہ آور اشیاء کو اسمگل کرنے اور انہیں فروغ دینے کیلئے اپنے طریقے بدلتے رہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ منشیات کی آن لائن مارکیٹنگ ایک چیلنج ہے لیکن ہم اس کی ہر ممکن سرکوبی کریں گے۔

منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث اکاؤنٹس کو بلاک کرکے متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

بریگیڈیئر سعید السویدی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے یو اے ای کے اندر منشیات اسمگل کرنے کا ایک ٹرینڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 2 ہزار 852 سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کیے اور 36 بڑے منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جو ملک سے باہر منشیات کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ماہر افسران پر مشتمل ٹیمز آن لائن سرگرمیوں کو مانیٹر کر رہی ہیں اور منشیات کی ترویج کرنے والے اکاؤنٹس کو شناخت کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہوئے ایسے اکاؤنٹس کو بلاک کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پچھلے برس یو اے ای میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منشیات کے کاروبار میں ملوث 10 ہزار 315 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ 11 ہزار 884 کلو منشیات ضبط کیں۔

Comments are closed.