امریکا اور یورپ میں شدید گرمی کی لہر برقرار،گرمی کا نیا ریکارڈ بننے کی پیشنگوئی
فوٹو: فائل
نیویارک : امریکا اور یورپ کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے ، ماہرین نے گرمی کے نئے ریکارڈ بننے کی پیشگوئیاں کردی۔ لو لگنے سے امریکہ میں 12 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
امریکا کی جنوب مغربی ریاستوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے ہیٹ وارننگ جاری کردی ہے۔
ماہرین کے مطابق امریکی ریاست ایریزونا میں گرمی کا نیا ریکارڈ بننے کا امکان ہے جبکہ فینیکس شہر میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دنیا کے انتہائی گرم مقامات میں شامل امریکی ریاست کیلی فورنیا کی ڈیتھ ویلی کا درجہ حرارت اتوار کو 54 ڈگری سینٹی گریڈ کے نئے ریکارڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گرمی کی وجہ سے پارکس بند، ریسٹورنٹس اور کاروباری مراکز کے اوقات کار کم کردیے گئے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں بھی گرمی سے متاثرہ افراد لائے گئے ، لو لگنے سے امریکہ میں 12 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
امریکی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
دوسری جانب یورپ کے شہری بھی گرمی سے بلبلا اٹھے ہیں ، یورپ کے بیشتر شہروں میں گرمی کی لہر میں کوئی کمی نہیں آئی، ماہرین کی جانب سے گرمی کی شدت آئندہ چند روز برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق اٹلی، فرانس، یونان، کروشیا اور ترکی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق اٹلی میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ سکتا ہے ، موسمیاتی ماہرین کی جانب سے یورپ میں گرمی کا نیا ریکارڈ بننے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے ۔
Comments are closed.