پیاز کے چھلکے بھی بیش بہا فوائد کے حامل

50 / 100

فائل:فوٹو

ہمارے کھانوں کی تیاری پیاز کے بغیر نا ممکن سی ہوتی ہے جس کے فوائد سے ہر کوئی واقف ہے مگر یہ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ پیاز کے چھلکے بھی بیش بہا فوائد کے حامل ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق جیسے پیاز کو کھانوں میں ذائقے سمیت صحت کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے اسی طرح اس کے چھلکوں کو پھینکنے کے بجائے مختلف علاج خصوصاً پیٹ اور گلے کی بیماریوں اور ٹوٹکوں کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق پیاز میں بیکٹیریا جذب کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے جبکہ پیاز کے چھلکوں سے بھی ناقابلِ یقین طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں، پیاز کے چھلکوں میں قدرتی طور پر وٹامن اے، سی اور ای کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو فائبر، فلینائڈس اور اینٹی آکسیڈینٹس پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق پیاز کے چھلکے ناصرف وائرل اور موسمی بیماریوں سے نجات دلاتے ہیں بلکہ اس سے ذیابطیس، موٹاپے، کینسر اور معدے کے مختلف امراض کے علاج میں بھی مدد ملتی ہے۔

ماہرین کے مطابق پیاز کے چھلکوں سے فوائد حاصل کرنے کے لیے اس کی چائے بنا کر استعمال کی جا سکتی ہے۔

پیاز کے چھلکوں سے چائے بنانے کے لیے ایک کپ اْبلتے پانی میں سبز چائے یا کالی چائے ( ٹی بیگ ) ڈالیں اور ایک درمیانی پیاز کے صاف چھلکے شامل کر لیں۔

اب اس گرم چائے کے کپ کو 10 منٹ کے لیے ڈھانپ کر چھوڑ دیں۔بعد ازاں چائے چھان لیں اور اس میں چند قطرے لیموں اور حسب ذائقہ شہد شامل کر کے استعمال کر لیں۔

طبی ماہرین کے مطابق پیاز کے چھلکوں کی چائے پینے سے پرسکون نیند حاصل کی جاسکتی ہے، اس سے بے چینی دور ہوتی ہے۔

اسی طرح اس چائے سے حاصل ہونے والے اینٹی آکسیڈنٹ جِلدی امراض کے خاتمے میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پیاز کے چھلکوں میں موجود کیورسٹین کیمیکل بلڈپریشر اور کولیسٹرول کو کنٹرول رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔پیاز کے چھلکوں سے بنی چائے سے ناصرف صحت بلکہ خوبصورتی کو بھی چار چاند لگائے جا سکتے ہیں۔

چائے کے چھلکوں کا پانی بالوں کو نرم و ملائم اور چمکدار بنانے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔پیاز کے چھلکوں سے سر دھونے سے بالوں کی جڑوں کی صفائی اور سر میں بننے والے دانوں کا خاتمہ ہوتا ہے۔

تھکن بھگانے کے لیے بھی پیاز کے چھلکوں کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔اس کے لیے پیاز کے چھلکوں کو پانی میں ڈال کر ابالیں اور پھر اس میں ایک چائے کا چمچ شہد ڈال کر صبح استعمال کریں۔روزانہ ایک گلاس پیاز کا پانی پینے سے جسم توانا رہے گا اور تھکن کا احساس کم سے کم ہوگا۔

Comments are closed.