بھارت فرانس سے 26 رافیل لڑاکا طیارے 3 جنگی آبدوزیں خریدے گا
نئی دہلی : بھارت فرانس سے 26 رافیل لڑاکا طیارے 3 جنگی آبدوزیں خریدے گا، اس دفاعی سودے کیلئے بھارتی وزارت دفاع نے اجازت دے دی ہے ۔
بھارتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت کی وزارت دفاع نے پیر کو فرانس سے 26 رافیل لڑاکا طیارے اور 3 اسکارپین آبدوزیں خریدنے کی ابتدائی منظوری دے دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ منظوری بھارتی ڈیفنس پروکیورمنٹ بورڈ نے دی جسے اب ڈیفنس ایکوزیشن کونسل کو بھیجا جائے گا اور اس معاہدے کا اعلان وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ فرانس کے دوران ہونے کا امکان ہے۔
تجویز کے مطابق بھارتی بحریہ کو رافیل سمندری طیارے اور چار ٹرینر طیارے بھی دیے جائیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملکی سلامتی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارتی بحریہ ان طیاروں اور آبدوزوں کی کمی کا حوالہ دے کر ان کو حاصل کرنے پر زور دے رہی ہے۔
خبر رساں ایجنسی نے کہا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق اس سودے پر اخراجات کا جو تخمینہ لگایا گیا ہے وہ ظاہر کرتا ہے کہ اس کی مالیت 900بلین روپے سے زیادہ ہے، تاہم حتمی لاگت فرانسیسی حکام سے بات چیت کے بعد واضح کی جائے گی۔
ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بھارت ملک میں طیارے بنانے پر اصرار کر کے سودے پر آنے والی لاگت کم کرنے کا منصوبہ بھی بنا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے بھارت اور فرانس کی ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی جائے گی۔
Comments are closed.