وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو نااہل قرار دےدیا گیا

50 / 100

فوٹو:فائل

گلگت: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو نااہل قرار دےدیا گیا، گلگت کی عدالت نے جعلی ڈگری کیس میں تحریک انصا ف کے وزیراعلی کو نااہل قراردے دیا۔

وزیراعلی گلگت خالد خورشید کے خلاف ان کے مد مقابل الیکشن لڑنے والے پیپلز پارٹی کے عبدالحمید اور (ن) لیگ کے رانا فرمان علی نے خالد خورشید کی ڈگری کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا۔

عدالتی فیصلہ کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعلیٰ کو نوٹس جاری کردیا تھا،وزیراعلیٰ گلگت نے الیکشن کمیشن کے نوٹس کوعدالت میں چیلنج کیا تھا۔

چیف کورٹ کے چیف جسٹس نے تین ججز پر مشتمل لارجر بینچ تشکیل دیا تھا جس نے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی تھی۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ڈگری لندن کی تھی اور انہیں جی بی بار کونسل نے وکالت کا لائسنس جاری کیا تھا لیکن لندن کی یونیورسٹی کی جانب سے ڈگری کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

جسٹس عنایت، جسٹس جوہر اور جسٹس مشتاق پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ نے روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کی تھی، اس کیس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن، جی بی بار کونسل اور جی بی حکومت سمیت 6 فریقین شامل تھے۔

بعد ازاں عدالت نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعلیٰ جی بی خالد خورشید کو نااہل قرار دید یا۔

Comments are closed.