یمنیٰ زیدی بہترین اداکارہ مجھے روحی بانو جیسی ٹیلنٹڈ لگتی ہیں،بشریٰ انصاری
فائل:فوٹو
کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اداکارہ یمنیٰ زیدی کے حق میں بول پڑیں۔ کہا کہ یمنیٰ زیدی ایک بہترین اداکارہ ہیں اور مجھے وہ روحی بانو جیسی ٹیلنٹڈ لگتی ہیں۔
چند دنوں قبل اداکارہ نادیہ افغان نے ایک انٹرویو میں اداکارہ یمنیٰ زیدی کو انڈسٹری کی اوور ریٹڈ اداکارہ قرار دیا تھا اور ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا تھا۔تاہم اب سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے نادیہ افغان کے اس بیان کو ان کا ذاتی نظریہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
ایک پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں بشریٰ انصاری نے لکھا کہ میزبان کو اس طرح کے سوالات نہیں پوچھنے چاہیے اور سینئر ہونے کے ناطے ہمیں نئی نسل کو انڈر ریٹ نہیں کرنا چاہیے۔
بشریٰ نے نادیہ افغان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یمنیٰ زیدی ایک بہترین اداکارہ ہیں اور مجھے وہ روحی بانو جیسی ٹیلنٹڈ لگتی ہیں لیکن اگر آپ کا نظریہ ہے تو اسے پبلک میں نہ بولیں، بری بات۔
اس کے کچھ گھنٹوں بعد بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پر ساتھی اداکارہ نادیہ افغان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ نادیہ ایک بہترین اداکارہ اور ہدایتکار ہیں وہ میری چھوٹی بہن کی طرح ہے۔ میں نے اسے صرف اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے بارے میں ایک مشورہ دیا تھا۔
بشریٰ انصاری نے مزید لکھا کہ ’لوگ ہر بات پر ضرورت سے زیادہ ردِعمل دیتے ہیں نادیہ سینئر اداکارہ ہیں ان کے ساتھ بدتمیزی نہ کریں میں درخواست کرتی ہوں کہ میزبان آرٹسٹ کو اس طرح کی صورتحال میں نہ ڈالا کریں۔
خیال رہے کہ نادیہ افغان نے ایک انٹرویو میں مقبول اداکارہ یمنیٰ زیدی کو ضرورت سے زیادہ شہرت وصول کرنے والی اداکارہ کہا تھا ان کا کہنا تھا کہ یمنیٰ اوور ریٹڈ اداکارہ ہیں جس پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
Comments are closed.