فوٹو: آئی سی سی
ہرارے: ویسٹ انڈیز 374 رنز کا ہدف دے کر بھی نیندر لینڈ سے سپر اوور میں ہار گیا، نیدر لینڈ ٹیم نے ورلڈکپ کوالیفائر کا یہ اہم میچ ہی نہیں جیتا بلکہ سپراوور میں بڑی جیت کے عالمی ریکارڈ سمیت کئی ریکارڈ بنا لئے۔
نیدرلینڈز نے ون ڈے انٹرنیشنل کے سپر اوور میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا، اسٹارویسٹ انڈین باولر جیسن ہولڈر نے سپر اوور میں30 رنز دے کر میچ گنوا دیا۔
ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 374 کا ٹوٹل بناڈالا،نکولس پورن نے 104 رنز کی شانداز اننگز کھیلی۔
برینڈن کنگ نے 76، جانسن چارلس نے 54 اور کپتان شائی ہوپ نے 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،اننگز کے اختتامی لمحات میں کیمو پال کی 25 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز نے ویسٹ انڈیز کو بڑے ٹوٹل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
نیدرلینڈز کی جانب سے بیس ڈی لیڈ اور ثاقب ذوالفقار نے دو، دو جبکہ وویان کنگما اور لوگان وین بیک نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
ابتدائی بلے بازوں میں وکرم جیت سنگھ نے 37، میکس او ڈوڈ نے 36، ویسلے بریسی نے 27 اور باس ڈی یلڈ نے 33 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔
تاہم پانچویں وکٹ پر تیجا نڈامانورو اور کپتان اسکاٹ ایڈورڈ کے درمیان 143 رنز کی
شراکت نے نیدرلینڈز کو جیت کے قریب کردیا۔
تیجا نڈامانورو نے 111 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان اسکاٹ ایڈورڈ نے 67 رنز بنائے،نیدرلینڈ کو چار اوور میں جیت کےلیے 44 رنز درکار تھے تو ایسے میں میچ کے ہیرو لوگان وین بیک نے 26 اور ایان دت نے 16 رنز بنا کر اسکور برابر تو کردیا۔
میچ سپر اوور میں گیا تو لوگان وین بیک بیٹنگ کے لیے دوبارہ آئے، انہوں نے دنیائے کرکٹ کو اس وقت حیرت میں مبتلا کردیا جب جیسن ہولڈر کے ایک ہی اوور میں 30 رنز بنادیے۔
ون ڈے کرکٹ کے سپر اوور میں کسی بھی ٹیم اور کھلاڑی کا سب سے بڑا اسکور ہے،ویسٹ انڈین بیٹر ایک اوور میں اس پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے صرف 8 رنز بناسکے۔
نیدرلینڈز نے یہ مقابلہ سپر اوور میں اپنے نام کرکے 2 پوائنٹس بھی حاصل کرلیے،میچ کے اختتامی لمحات اور سپر اوور میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے لوگان وین بیک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ویسٹ انڈیز ٹیم کی جاری ایونٹ میں یہ دوسری شکست ہے،ورلڈکپ کوالیفائر مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کو اس سے قبل زمبابوے نے بھی شکست دی تھی۔
Comments are closed.