ایران نے سعودی عرب میں اپنا سفیر مقرر کر دیا
فائل:فوٹو
تہران: ایران نے اپنے نہایت تجربہ کار سفیر علی رضا عنایتی کو سعودی عرب میں سفیر مقرر کر دیا جبکہ سعودی عرب بھی ایران میں سفیر کی تقرری کا اعلان کرچکا ہے۔ رواں سال مارچ میں چین کی ثالثی میں سعودی عرب اور ایران کے سفارتی تعلقات کی بحالی کا معاہدہ طے پایا تھا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں ایران کے نئے سفیر کی تعیناتی سے دونوں ممالک کے درمیان 2016 سے منقطع سفارتی تعلقات بحال ہوگئے۔
یہ پیشرفت چین میں ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے جس کے لیے چین نے ثالثی کا کردار ادا کیا جب کہ اس سے قبل فریقین کے درمیان کئی بیک ٹو ڈور مذاکرات بھی ہوتے رہے ہیں۔
ایران کی جانب سے سعودی عرب میں مقرر سفیر علی رضا عنایتی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے معاون اور عرب خلیج امور کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے رہے تھے جبکہ وہ کویت میں بھی سفیر رہ چکے ہیں اور خلیجی ممالک کی سیاست اور تعلقات سے خوب واقف ہیں۔
یاد رہے کہ مارچ میں چین کی ثالثی میں سعودی عرب اور ایران کے سفارتی تعلقات کی بحالی کا معاہدہ طے پایا تھا جس میں سفارت خانے دو ماہ کے اندر کھولنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
اس معاہدے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون سمیت یمن جنگے سے متعلق بھی نکات شامل تھے جس کے بعد سے یمن میں سعودی اتحادی افواج اور ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے درمیان جنگ بندی کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے 2016 میں شیعہ عالم کو پھانسی دیے جانے پر ایران میں مظاہرین نے سعودی سفارت خانے پر حملہ کردیا تھا جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات منقطع تھے۔
Comments are closed.