مکہ کے ایک ہوٹل میں آتشزدگی 8 پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق، متعدد زخمی

51 / 100

فوٹو: ٹوئٹر

مکہ مکرمہ : سعودی عرب کے شہر مکہ کے ایک ہوٹل میں آتشزدگی 8 پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق، متعدد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سعودی میڈیا اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان قونصلیٹ جدہ میں قونصل ویلفیئر شیراز علی خان نے بتایا کہ ’مکہ میں ابراہیم خلیل روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے.

قونصل ویلفیئر کے مطابق ’ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ آگ ہوٹل کی تیسری منزل پر شارٹ سرکٹ سے ایک کمرے میں لگی جس نے دیگر کمروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے سے چار کمروں کو نقصان پہنچا۔‘

آتشزدگی کے باعث مرنے والے پاکستانیوں میں 4 کی شناخت ہوگئی ہے جن میں 2 کا تعلق وہاڑی جبکہ 2 کا قصور سے ہے۔ دیگر 4 افراد کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔

اس حوالے سے شیراز علی خان نے بتایا کہ ’جھلسنے کے باعث مرنے والوں کی نعشوں کی شناخت میں مشکل پیش آرہی ہے تاہم شناخت کا عمل جاری ہے۔‘

دوسری طرف ’سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ’ممکن ہے نعشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے سے مدد لی جائے۔‘ بتایا گیا ہے دیگر کی شناخت کرنا مشکل ہے.

قونصل ویلفیئر کے مطابق ’مرنے والوں کی نعشیں ہسپتال کے سردخانے میں رکھی گئی ہیں۔ ورثا سے رابطہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد میتیں پاکستان بھجوانے یا مکہ میں تدفین کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔‘

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’مرنے والوں کی تعداد 8 ہے۔ مرنے والوں کی تعداد زیادہ ہونے کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔‘

اس سے پہلے اموات کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتاہا تھا کہ ’مکہ کے ہوٹل میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں 8 اموات اور 6 پاکستانیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔‘

ترجمان کا کہنا تھا کہ ’جدہ میں پاکستانی مشن مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کی مدد کی جا سکے، لوگ ان سے معلومات لے سکتے ہیں۔

Comments are closed.