ایشیاکپ،تین ملکی کرکٹ سیریز کی ممکنہ ٹیموں کے پتے ابھی شو نہیں کروں گا، نجم سیٹھی 

45 / 100

فوٹو 

لاہور: ایشین کرکٹ کونسل  کی جانب سے ایشیاکپ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کل سنایا جائےگا۔نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ تین ملکی کرکٹ سیریز کی ممکنہ ٹیموں کے پتے ابھی شو نہیں کروں گا۔

غیرملکی میڈیا کو انٹرویوز میں نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی کیلیے امید کا دامن نہیں چھوڑا مگر ایسا ممکن نہیں ہوتا تو اس کیلیے بھی تیار رہنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اے سی سی نے پیر تک حتمی جواب دینے کا کہا ہے، میں نے بورڈ میں اپنی ٹیم سے کہہ دیا کہ اگر ایونٹ پاکستان کے بغیر ہو تو اس دوران متبادل مصروفیت کے طور پر 3 ملکی سیریز کا اہتمام کریں۔

ان کاکہناتھاکہ ابھی انگلش بورڈ سے بات نہیں ہوئی مگر 2 مہمان ٹیمیں کون سی ہوں گی ابھی پتے شو نہیں کروں گا، امید کرتا ہوں کہ ایسا کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی اور ایشیا کپ میں تمام ٹیمیں شریک ہوں گی۔

 انھوں نے  مزید کہا کہ پاکستان میں سابق وزیراعظم عمران خان کی احتجاجی تحریک 6 ماہ سے چل رہی ہے، اس دوران آسٹریلیا،انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آ کر کھیل چکیں۔

 نجم سیٹھی نے کہاکہ موجودہ صورتحال عارضی اور ایشیا کپ ستمبر میں ہونا ہے، یو اے ای ماضی کی طرح اس ایونٹ کے میچز کی میزبانی کے لیے زور لگا رہا ہے مگر ارکان وہاں سخت گرم موسم پر تحفظات رکھتے ہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ احمدآباد میں کھیلنے کا سوال تو بعد میں آتا ہے، پہلی بات تو یہ ہے کہ ہم ورلڈکپ میں شرکت کیلیے بھارت جائیں، اگر مسئلہ حل ہوجائے اور بھارتی بورڈ کہے کہ ہم پاکستان میں کسی بھی شہر میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں تو ہم بھی ایسا ہی اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کریں گے، اسی طرح ورلڈکپ میں ان کو یہ ذمہ داری اٹھانا ہوگی،اگر آپ کو پاکستان آنے لاہور، کراچی یا راولپنڈی میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں تو ہمیں بھی احمدآباد، کولکتہ دھرم شالہ یا چنئی میں کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

Comments are closed.