لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 40 رنز سے ہرا دیا، میچ میں 442 رنز بنے
فوٹو: پی ایس ایل
لاہور: پی ایس ایل کے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 40 رنز سے ہرا دیا، میچ میں 442 رنز بنے، شاہین آفریدی نے 40 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں.
لاہور کے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بناسکی اور یوں اسے 40 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کا آغاز مرزا طاہر بیگ اور فخر زمان نے کیا.
لاہور کے 7 کے مجموعے پر طاہر بیگ 5 رنز بنا کر وہاب ریاض کی بال پر کلین بولڈ ہوگئے، اس کے بعد عبد اللہ شفیق اور فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور 127 پر عبداللہ شفیق 75 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہو گئے.
فخر زمان بھی نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے اور 45 گیندوں پر 96 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔لاہور قلندرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے، سیم بلنگز بھی 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کا 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور حارث کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، کپتان بابر اعظم بھی 7 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے، دونوں کو شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔
صائم ایوب اور ٹام کوہلر کیڈمور نے جارحانہ اننگز کھیلیں لیکن ٹیم کو فتح نہ دلاسکے اور دونوں بالترتیب 51 اور 55 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد زلمی کا کوئی بیٹر بڑی اننگز نہ کھیل سکا اور ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنا سکی، یوں قلندرز نے 40 رنز سے میچ اپنے نام کرلیا۔
شاہین آفریدی نے 5، زمان خان نے 2، راشد خان اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ فخر زمان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے آج زلمی کے خلاف پی ایس ایل کی تاریخ کا تیسرا بڑا اسکور بنایا ہے۔ اس سے قبل پی ایس ایل 8 کا سب سے بڑا اسکور اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بنایا تھا جو 220 رنز تھا۔
پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے 2021 میں اسکور کیا گیا جو 247 تھا جبکہ ملتان سلطانز کی جانب سے 2022 میں 245 رنز بنائے تھے.
Comments are closed.