لاہور قلندر کے زمان خان نے ملتان سلطانز کے جبڑوں سے فتح چھین لی
فوٹو : پی سی بی
ملتان: لاہور قلندر کے زمان خان نے ملتان سلطانز کے جبڑوں سے فتح چھین لی، پولارڈ، ملر اور خوشدل خان کوششوں کے باوجود میچ فنش نہ کر سکے.
ملتان میں ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 8 کے افتتاحی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 1 رن سے شکست دے دی۔
قلندر کے 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 174 رنز بناسکی۔ اور میچ صرف 1 رن سے لاہور قلندرز نے جیت لیا۔
ملتان سلطانز کے اوپنرز نے12 اعشاریہ 2 اوورز میں 100 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اس زبردست پرفارمنس کے باوجود بعد میں آنے والے بیٹرز فائدہ نہ اٹھا سکے آخری اوور میں 15 رنز بنانے تھے۔
https://twitter.com/thePSLt20/status/1625219075671736321?t=d5xye_vf117hZq6PHsrlGQ&s=19
پہلے اوپنر شان مسعود 100 کے مجموعے پر 35 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، 131 کے اسکور پر لاہور قلندرز کو بڑی وکٹ مل گئی، 50 گیندوں پر 75 رنز بناکر محمد رضوان میدان چھوڑ گئے۔
19ویں اوور کی پہلی گیند پر ڈیوڈ ملر 25 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے تو میچ ملتان سلطانز کے ہاتھوں سے پھسلنا شروع ہوگیا۔
آخری اوور کی دوسری گیند پر کیرون پولارڈ 20 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے تو لاہور قلندرز کی جیت کی امیدیں روشن ہوگئیں، اگلی ہی گیند پر عثمان خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
آخری 2 گیندوں پر ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 10 درکار تھے، لیکن خوشدل شاہ ان دونوں گیندوں پر صرف باؤنڈری ہی لگاسکے اور یوں میزبان ٹیم صرف 1 رنز شکست کھا گئی۔
لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی، حسین طلعت، زمان خان اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 176 رنز کا ہدف دیا تھا۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 175 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی اوپننگ جوڑی پہلے ہی میچ میں چل گئی۔ فخر زمان اور مرزا طاہر بیگ کی صورت میں اولین بلے بازوں نے 61 رنز کی شراکت قائم کی۔
پہلا سیزن کھیلنے والے طاہر بیگ 26 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے اس دوران 5 چوکے لگائے، انہیں اکیل حسین نے پویلین کی راہ دکھائی۔
فخر زمان نے 66 رنز کی اننگز میں 5 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔ انہیں اُسامہ میر نے پویلین بھیجا، شائے ہوپ نے 19 اور طلعت حسین نے 20 رنز بنائے۔ آخری آؤٹ ہونے والے بیٹر ڈیوڈ ویسا تھے جو صرف 5 رنز ہی بناسکے۔
ملتان سلطانز کی طرف سے احسان اللّٰہ اور اُسامہ میر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہنواز دھانی اور اکیل حسین نے لاہور قلندرز کے 1، 1 کھلاڑی کو میدان سے واپسی کی راہ دکھائی۔
میچ میں بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر لاہور قلندرز کے فخر زمان کو مین آف دا میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
ملتان سلطانز کپتان محمد رضوان، شان مسعود، عثمان خان، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، اکیل حسین، اُسامہ میر، ثمین گل، شاہنواز ڈھانی اور احسن اللّٰہ۔
لاہور قلندر شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، طاہر بیگ، شائے ہوپ، کامران غلام، حسین طلعت، سکندر رضا، لیام ڈوسن، ڈیوڈ ویسا، حارث رؤف اور زمان خان پر مشتمل تھی۔
Comments are closed.