اقوام متحدہ نے طالبان رہنماؤں پر عائد سفری پابندیاں ختم کردیں
سان فرانسسکو( نیٹ نیوز)اقوام متحدہ نے افغان امن مذاکرات میں شرکت کرنے کے لیے طالبان ٹیم کے سربراہ اور ملا برادرز سمیت 11 اراکین پر عائد سفری پابند یاں عارضی طور پر ختم کردیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ نے ملا عبدالغنی برادر اور ڈپٹی لیڈر شیر محمد عباس استانکزئی سمیت 11 طالبان نمائندوں کو قطر میں ہونے والے افغان امن مذاکرات میں شرکت کرنے کے لیے سفر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
سفری پابندیوں میں اس حالیہ نرمی کا اطلاق یکم اپریل سے 31 دسمبر تک ہو گا،علاوہ ازیں طالبان کے منجمد اثاثوں کی محدود بحالی بھی کی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے بھی اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ افغان طالبان نمائندوں کو دی گئی سفری اجازت صرف امن اور مصالحتی مذاکرات میں شرکت کے لیے مخصوص ہے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے طالبان نمائندوں کو اقوام متحدہ کی جانب سے دیئے گئے سفری پابندی پر استثنیٰ حاصل ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اس سہولت کے بعد قطر میں ہونے والے مذاکرات میں طالبان نمائندے بھرپور طریقے سے شرکت کریں گے۔
Comments are closed.