عالمی سطح پر مہنگائی میں کمی کے لیے روس سے اجناس کا منڈیوں تک پہنچنا ناگزیر ہے،اقوام متحدہ

45 / 100

فائل فوٹو

استنبول: اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں اجناس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا رہا ہے اور عالمی سطح پر مہنگائی میں کمی کے لیے روس سے اجناس کا منڈیوں تک پہنچنا بہت ضروری ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ترکی کے دارالحکومت میں صحافیوں سے گفتگو میں روس اور یوکرین جنگ کے باعث اجناس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر مہنگائی کے کنٹرول اور اجناس کی قیمتوں میں کمی کے لیے روسی اجناس کی بلا روک ٹوک عالمی منڈیوں تک ترسیل بے حد ضروری ہے۔

اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے یہ بھی کہا کہ روسی اجناس کی عالمی منڈیوں میں ترسیل میں رکاوٹیں دور کرنے کے لیے امریکا اور یورپی یونین سے بات چیت جاری ہے۔

گزشتہ برس ترکیہ اور اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات میں روس اور یوکرین نے اجناس کی عالمی منڈیوں تک ترسیل کے طریقہ کار پر اتفاق کیا اور یوکرین سے پہلی کھیپ ترکیہ پہنچ بھی چکی ہے۔

روس نے عالمی دباؤ کے باوجود فروری میں یوکرین پر حملہ کردیا تھا اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ جاری ہے جس کے باعث اجناس کی عالمی منڈیوں کو ترسیل رک گئی ہے۔

یاد رہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف امریکا اور یورپی ممالک نے روس پر معاشی پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں جس میں پٹرولیم مصنوعات سمیت اجناس کی درآمدات بھی شامل ہے۔

Comments are closed.