ہائبرڈوار میں پاک فوج نے بھارت کو پچھاڑ دیا، بھارتی جنرل
اسلام آباد (ویب ڈیسک) بھارت کے سابق جنرل کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ وار میں پاک فوج نے بھارت کو پچھاڑ کر رکھ دیا ہے۔
بھارت کے سابق لیفٹیننٹ جنرل عطا حسنین نے 28 مارچ کو برطانوی تھنک ٹینک انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز سے خطاب میں اعتراف کیا کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ہمیں سکھایا معلومات کی فراہمی کیا ہوتی ہے۔
بھارتی سابق کور کمانڈر شمالی کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عطا حسنین کا کہنا تھا کہ بھارت کو اطلاعات کے شعبے میں آئی ایس پی آر نے پچھاڑ دیا اور پاکستان اطلاعات کی جنگ پورے طریقے سے جیت چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے سکھایا کہ اطلاعات کے ساتھ کیسے کھیلنا ہے تو وہ آئی ایس پی آر ہے، آئی ایس پی آر نے کمال حکمت عملی سے نہ صرف کشمیریوں کو بھارتی فوج سے متنفر کیا بلکہ بھارتی قوم کو بھی بھارتی فوج سے دور کردیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں اٹھتے جنازے، عسکریت پسندی کے عروج کی وجہ ہیں اور آزادی پورے کشمیر میں گونج رہی ہے، طاقت کا استعمال اس کا حل نہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) عطاء حسنین کا کہنا تھا کہ اگر شام، عراق، افغانستان اور پاکستان میں دھماکے ہو سکتے ہیں تو کشمیر میں پلوامہ واقعہ کا بھی قوی امکان تھا۔
انہوں نے کہا کہ روایتی جنگ کا تصور ختم ہو چکا، یہ ہائبرڈ وار کا دور ہے اور ہائبرڈجنگ میں میڈیا بڑا ہتھیار ہوتا ہے۔
سابق جنرل کے مطابق روایتی جنگ سے فتح نہیں ملتی اور امریکا نے سیکھنے میں 18 سال لگائے، دنیا میں دہشت گردی کی لہر ہے لیکن لوگ ہائبرڈ وار سے واقف نہیں، پاکستان نے معلومات میں انتہائی پیشہ وارانہ مہارت دکھائی اور بھارت کو اس میدان میں پیچھے چھوڑ دیا۔
Comments are closed.