پاکستان نے افغان زلزلہ زدگان کےلئے سرحدیں کھول دیں، سامان امداد ی ٹیمیں روانہ

50 / 100

فوٹو : فائل

اسلام آباد: پاکستان نے افغان زلزلہ زدگان کےلئے سرحدیں کھول دیں، سامان امداد ی ٹیمیں روانہ کر دیں ، خوست اور پکتیکا سے زخمیوں کو پاکستان منتقل کیا جارہا ہے۔

افغان میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے افغان صوبہ خوست سے متصل غلام خان اور پکتیکا کے قریب سرحد انگور اڈا کی سرحدیں کھولی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے اپنے افغان بھائیوں سے اظہار ہمدردی کے تحت زخمیوں کےلئے اپنی سرحدیں کھولی ہیں تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد مل سکے۔

سرحدیں کھلنے کے بعد زلزلہ سے متاثرہ ان علاقوں سے زخمیوں کو کھولی گئی سرحدوں کے زریعے پاکستان کے قریبی اسپتالوں میں پہنچایا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پرپاکستان کی جانب سے افغان زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان افغانستان بھیج دیا گیا۔آٹھ ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان میں رہائشی خیمے، ترپال، کمبل اور ضروری ادویات شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے نے امدادی سامان رات کو اسلام آباد سے روانہ کیا۔ پاکستان نے افغان حکومت اورعوام کو مشکل کی گھڑی میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘مشکل کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں بہنوں کے ساتھ ہیں۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ ‘پاکستان کی طرف سے افغانستان کے عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔’ وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو افغانستان کی مدد کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سروسز چیفس نے بھی افغانستان میں نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا، پاک فوج افغان عوام کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی ٹوئٹر پربیان میں افغان عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے خیبرپختونخوا حکومت کو ہر قسم کی امداد خصوصاً طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایات دے دی ہیں۔

وزیر اعلیٰ محمود خان نے افغانستان میں زلزلے سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات پر اظہار افسوس کیا جبکہ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے زلزلے سے متاثرہ افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں میڈیکل ٹیمیں اور متاثرہ لوگوں کے لئے امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت افغان بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرے گی اوراس مقصد کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔ ہمسایہ ملک میں گذشتہ روز آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 950 افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے زلزلےسے متاثرہ افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں میڈیکل ٹیمیں اور متاثرہ لوگوں کے لئے امدادی سامان بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔

بتایا گیا ہے کہ امدادی سامان میں ادویات، اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری چیزیں شامل ہونگی، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ محمود خان نے وزیر صحت اور چیف سیکرٹری کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بیان میں کہا خیبر پختونخوا حکومت مشکل کی گھڑی میں اپنے افعان بھائی بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے، صوبائی حکومت زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی،اس مقصد کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔

Comments are closed.