افغانتان میں زلزلہ سے مرنے والوں کی تعداد 1 ہزار سے زائد ہوگئی، 1500افراد زخمی

53 / 100

کابل(ویب ڈیسک )افغانتان میں زلزلہ سے مرنے والوں کی تعداد 1 ہزار سے زائد ہوگئی، 1500افراد زخمی ہوئے ہیں، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیاگیا ہے۔

زلزلہ سے سب سے زیادہ تباہی مشرقی صوبہ پکتیکا میں ہوئی جہاں سے ملنے والی تصاویر میں تباہی کے آثار نمایاں ہیں۔ ان تصاویر میں زخمی افراد کو سٹریچرز پر دیکھا جا سکتا ہے۔

زلزلہ متاثرہ علاقوں سےزخمیوں کو ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ طالبان رہنما ہبت اللہ اخونزادہ کی طرف سے جاری بیان میں ظاہر کیاگیا ہے۔

https://twitter.com/cm677427/status/1539538310434914304?t=edJT6-pONhVyvR2wb03d0A&s=19

برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے صوبہ پکتیکا میں اطلاعات کے محکمے کے سربراہ محمد امین حزیفی نے بتایا کہ ہلاک شدگان کی تعداد 1000 جبکہ 1500 سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔

محمد امین حزیفی کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو ایک لاکھ افغانی جبکہ زخمیوں کو پچاس ہزار افغانی دے گی۔

افغان حکومت کے ترجمان بلال کریمی نے ٹوئٹر پر بیان میں تمام غیر سرکاری اداروں اور ایجنسیز سے درخواست کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں روانہ کریں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔

صوبہ پکتیکا کے مقامی میڈیا ویب سائٹ اطلاعات روز کے مطابق گایان میں ایک گاؤں مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی ٹوئٹر پر پیغام میں افغان عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے خیبرپختونخوا حکومت کو ہر قسم کی امداد خصوصاً طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایات دے دی ہیں۔

افغانستان میں گزشتہ رات 6.1 شدت کا زلزلہ ہوا ابتدائی طور پر 280 افراد جاں بحق ، متعدد عمارتیں منہدم، بستیاں ملبے کا ڈھیر بننے کی اطلاعات تھیں .

افغانستان میں زلزلے کے جھٹکے کابل، غزنی، پکتیکا، خوست، ننگر ہار اور لغمان میں محسوس کیے گئے۔

 خوست میں 25 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ زلزلے سے ہونے والے حادثات میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 51 کلو میٹر تھی، زلزلے کے جھٹکے رات کے وقت محسوس کئے گئے۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں کیلئے ٹیموں کو متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کی گئی ہیں جبکہ مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ ہیں، افغانستان کے عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے حکام کو افغانستان کی مدد کی ہدایت کر دی.

دریں اثناء غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 6 اعشاریہ 1 شدت کا یہ زلزلہ خوست سے تقریباً 44 کلومیٹر (27 میل) کے فاصلے پر 51 کلو میٹر کی گہرائی میں آیا تھا۔

گزشتہ شب پاکستان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں بھی رات گئے 6 اعشاریہ 1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔

زلزلے کے جھٹکے پاکستان میں بھی رات 2 بج کر 24 منٹ پر محسوس کیے گئے،تاہم یہاں اس زلزلے سے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی.

Comments are closed.