طلبہ و اساتذہ کیلئے چار روزہ بین المدارس تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

53 / 100

فوٹو: شعور فاونڈیشن

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)شعور فاونڈیشن برائے تعلیم و آگہی کے پروجیکٹ "تفہیم” اور جامعہ الکوثر اسلام آباد کے اشتراک سے طلبہ و اساتذہ کیلئے چار روزہ بین المدارس تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

اسلام آباد میں ہونے والی اس دوسری ورکشاپ کا بنیادی مقصد بین المسالک ہم آہنگی، اور معاشرے میں پائیدار امن کے لئے مختلف مسالک کے علماء و طلباء کے مابین افہام و تفہیم اور سماجی تعامل کو بڑھاتے ہوئے باہمی رواداری کا فروغ دینا تھا۔

چار روزہ تربیتی ورکشاپ میں اسلام آباد راولپنڈی میں موجود مختلف مسالک (دیوبندی، بریلوی، اہل حدیث اور اہل تشیع ) مدارس کے نمائندہ اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔

ورکشاپ کے مندوبین و مربین میں علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، ڈاکٹر محمد عمار خان ناصر، ڈاکٹر ندیم عباس اور شعور فاونڈیشن کی ٹیم میں سے پروجیکٹ مینیجر سمیع خان، پروجیکٹ کوارڈینیٹر ماہ رخ میمن، اور مدارس کا نمائندہ محمد عسکری کریمی نے ورکشاپ کو کامیاب بنایا۔

ورکشاپ کے پہلے دن ڈاکٹر عمار خان ناصر نے شرکاء کو "گروہی اختلافات اور طبقاتی رنجشیں” ،آداب اختلاف”، "غیر سازی کے منفی و تخریبی اثرات’مسائل کی نشاندہی، تجزیہ اور حل’، اور ” سماجی رابطہ کاری ” جیسے موضوعات پر لیکچرز دیئے۔

و رکشاپ کے دوسرے دن خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی مہتمم جامعہ نعیمیہ لاہور نے شرکاء کو ایک دوسرے کے ساتھ مسلکی ہم آہنگی، رواداری اور ڈائلاگ کو زیادہ سے زیادہ پروموٹ کرنے پر زور دیا ۔

انہوں نے طلباء کو "تنازعات کے پر امن حل” ، "بنیادی انسانی حقوق” "انسداد شدت پسندی” "اور بین المسالک ہم آہنگی کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کیا۔

ورکشاپ کے تیسرے روز ڈاکٹر ندیم عباس نے پرامن اور بقا باہمی اتحاد کے طریقہ کار ،مثبت سماجی تبدیلی اور پرتشدد و انتہا پسندی کی روک تھام کی منصوبہ بندی جیسے موضوعات پر گفتگو کی۔

آخری دن تفہیم پروجیکٹ کے منیجر سمیع خان نے پراجیکٹ کے حوالے سے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا، کہ شعور فاونڈیشن براے تعلیم و آگاہی ملک بھر میں بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔

انھوں نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ معاشرے سے نفرتوں کا خاتمہ کر کے بین المذاہب و مسلک ہم آہنگی کو فروغ دیا جاسکتا ہے، تمام مدارس کے مابین مل بیٹھنے اور علمی و فکری نشست کا اہتمام کرنے کے علاوہ دیگر پروگرامز کاانعقاد مثبت نتائج کا حامل ہوگا۔

تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر مہمان خصوصی اور جامعہ الکوثر اسلام آباد کے مہتمم علامہ شیخ انور علی نجفی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بین المسالک گفتگو، ڈائیلاگ، مدلل اور علمی انداز میں بحث و مباحثہ ایک دوسرے سے ملنے کے سلسلے کو جاری رکھنے پر زور دیا۔

اختتامی کلمات میں شیخ انور علی نجفی دامت برکاتہ نے شعور فاونڈیشن آف پاکستان کے تفہیم پروجیکٹ کے منتظمین اور ٹرینرز کا جامعہ الکوثر میں بہترین ورکشاپ کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا،ورکشاپ کے اختتا م پر شرکاء میں اعزازی اسناد تقسیم کی گئیں۔

Comments are closed.