فیصلے کی گھڑی آن پہنچی،وزیراعظم عمران خان یا شہباز شریف؟ فیصلہ آج ہو گا

55 / 100

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)فیصلے کی گھڑی آن پہنچی،وزیراعظم عمران خان یا شہباز شریف؟ فیصلہ آج ہو گا،کپتان نے تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے اور چہل کرنے کا بیان دیاہے جب کہ شہباز شریف کہتے ہیں آج عمران خان کا سورج غروب ہو جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آج ہوگی، قومی اسمبلی کا اجلاس صبح ساڑھے گیارہ بجے ہوگا، قومی اسمبلی کے آج ہونیوالے اجلاس کے لیے 6 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

ایجنڈے میں تیسرے نمبر پر توجہ دلاو نوٹس ہے جب کہ عدم اعتماد کی تحریک چوتھے نمبر پر ہے،قومی اسمبلی اجلاس کے باعث ریڈزون میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، کسی بھی جماعت کے کارکنوں کوریڈزون میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے اپنے حامی ارکان کو سندھ ہاوس کے علاوہ قریبی ہوٹل اور گیسٹ ہاوسز میں ٹھہرایا ہے تاکہ صبح بروقت پہنچ سکیں، ارکان کو کارروائی سے ایک گھنٹہ پہلے پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

آج کی عدم اعتماد کیلئے بظاہر اپوزیشن جماعتوں کا پلڑا بھاری ہے اور ان کے پاس نمبرز گیم بھی پوری ہے تاہم حکمران جماعت مقابلے کیلئے پرامید ہے ،کس کے کتنے ووٹ ہیں اس پر تجزیہ اور حساب کتاب کافی ہو چکا ، اصل تعداد آج واضح ہو گی۔

جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس بند رہے گی جب کہ اسلام آباد میں آج اور کل ڈبل سواری پرپابندی عائد کردی گئی ہے،سکیورٹی فورسز کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کی پیش بندی کرلی۔

پولیس حکام کے مطابق ریڈ زون داخلہ کے لئے صرف مارگلہ روڈ کا راستہ استعمال کیا جا سکے گا جبکہ ریڈ زون جانے والے تمام راستوں پر کنٹینرز نصب کئے جائیں گے۔

اسلام آباد میں دفعہ 144نافذ کردیا گیاہے اور اتوار کو راولپنڈی سے سیاسی جماعتوں کی ریلیوں کو بھی اسلام آباد نہیں جانے دیا جائے گا اور اس دن دو مختلف شفٹوں میں مجموعی طور پر 8 ہزار اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہونگے۔

سیکیورٹی کے لئے تین ہزار اہلکار پنجاب پولیس، ایک ہزار ایف سی پہلے سے اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ سیکیورٹی انتظامات میں رینجرز کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔

Comments are closed.