امریکہ سعودی عرب کے دفاع کیلئے پرعزم ہے،امریکی وزیرخارجہ

45 / 100

فوٹو: اے ایف پی

واشنگٹن( ویب ڈیسک)امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے کہاہے امریکہ سعودی عرب کے دفاع کیلئے پرعزم ہے اور ہم سعودی عرب کو اہم شراکت دار کی حثیت سے دیکھتے ہیں۔

اس حوالے سے عرب نیوز کی رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے واشنگٹن پہنچنے پر ان کے امریکی ہم منصب نے ان کوخوش آمدیدکہا۔

اینٹونی بلنکن اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی،امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ یہ شراکت داری اہم ہے، اور چند اہم چیلنجز جن کا ہمیں سامنا ہے، ان سے نمٹنے کے حوالے سے بھی نہایت اہم ہے۔

اس موقع پرشہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی دونوں اتحادیوں کے درمیان مضبوط شراکت داری کی تعریف کی اور کہا کہ ہمارے تعلقات نے ہمارے دونوں ممالک کو بہت اہمیت دی ہے، لیکن نہ صرف ہمیں بلکہ خطے اور دنیا کیلئے بھی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کے مطابق ان کی ملاقات کے بعد اینٹونی بلنکن نے مملکت پر حوثیوں کے حملوں کی امریکی مذمت اور سعودی عرب کی اپنی سرزمین اور عوام کے دفاع میں امریکی مدد کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس حوالے سے اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ سفارت کاروں نے حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری اور معاشی سہولیات کے خلاف کیے جانے والے مسلسل حملوں کو روکنے، بین الاقوامی جہاز رانی کو لاحق خطرے کو ختم کرنے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے یمنی عوام کی تکالیف کو بلیک میل اور سودے بازی کے طور پر استعمال کرنے سے روکنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے امریکی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری سٹریٹجک شراکت داری اور کئی محاذوں پر تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت ہوئی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے ایران کے جوہری پروگرام اور متعلقہ بین الاقوامی مذاکرات پر بھی بات کی، افغانستان میں سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے ملاقات کے حوالے سے ٹویٹ میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور گہرے تعلقات ہیں جو کئی دہائیوں پر محیط ہیں، اور ہم اپنی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے تمام محاذوں پر مل کر کام کرتے رہیں گے۔

دونوں کی ملاقات سے قبل بتایا گیا تھا کہ وزرائے خارجہ کا کہنا تھا کہ علاقائی سلامتی، موسمیاتی تبدیلی اور توانائی جیسے مسائل ایجنڈے میں ہوں گے،اینٹونی بلنکن نے کہا کہ ہمارے پاس بہت سارے کام ہیں جو ہم مختلف اہم مسائل پر اکٹھے کر رہے ہیں۔

Comments are closed.