سوات میں21سالہ بیٹی سے جنسی زیادتی کے الزام پر باپ گرفتار

46 / 100

مینگورہ( ویب ڈیسک)سگا باپ 21سالہ بیٹی سے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کرتا رہا، لڑکی ماں کے ساتھ تھانے پہنچ گئی مقدمہ درج کر لیاگیا۔

اس حوالے سے ٹی این این کی رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ سوات تحصیل کبل کے علاقے کوزہ بانڈی سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ بیٹی نے اپنے والد پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ تھانہ کانجو پولیس کے مطابق 21 سالہ لبنیٰ نے اپنی ماں تسلیم کے ہمراہ رپورٹ درج کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد خائستہ رحمان گزشتہ تین سالوں سے ان کے ساتھ زنا بالجبر کررہا ہے۔

اس دوران ملزم باپ بیٹی کو دھمکی بھی دے رہا تھا کہ کسی کو بتانے پر وہ ان کو جان سے مار دے گا تاہم اس کے باوجود ماں بیٹی پولیس کے پاس پہنچ گئیں۔

ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ دو دن قبل بھی والد نے ان کے ساتھ بد فعلی کی ہے جس کے بعد انہوں نے اپنی والدہ کو سب کچھ بتا دیا۔

پولیس کے مطابق ملزم خائستہ رحمان کے خلاف زنا بالجبر اور دھمکی دینے کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا گیا جبکہ لڑکی کا میڈیکل ٹیسٹ لیا گیا ہے جو آئندہ تین روز تک موصول ہوجائے گا۔

رپورٹ میں پولیس ذرائع کا حوالہ دے کر دعویٰ کیا گیاہے کہ ملزم نے پوچھ گچھ کے دوران اعتراف جرم کیا ہے۔

یاد رہے اس سے چند ہفتے قبل بھی سوات میں جنسی زیادتی کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس میں بہن نے بھائی جبکہ دوست نے دوست پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا تھا۔

Comments are closed.