ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا مستعفی ہونے کا اعلان
اسلام آباد (نیٹ نیوز) ایران کے وزیر خارجہ نے مستعفی ہو نے کا اعلان کر دیا۔ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر جاری کیے گئے پیغام میں اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے استعفی دے رہے ہیں۔
اس حوالے سے بی بی سی اردو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انھوں نے اپنے پیغام میں دوران حکومت کی گئی کوتاہیوں پر معافی بھی مانگی۔
جواد ظریف کا کہنا ہے کہ ‘میں اپنے عہدے پر کام جاری نہ رکھنے اور اس دوران کی جانے والی تمام کوتاہیوں اور غلطیوں پر معافی مانگتا ہوں۔’
جواد ظریف کے استعفی کے اعلان کی خبر کی ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے آئی آر این اے نے بھی تصدیق کی ہے۔
امریکہ سے بین الاقوامی قوانین میں ڈاکٹریٹ حاصل کرنے والے 59 سالہ جواد ظریف نے ماضی میں اقوام متحدہ میں ایران کی نمائندگی کی تھی اور اس کے بعد 2013 میں انھوں نے صدر حسن روحانی کے منتخب ہونے کے بعد وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔
یہ ابھی تک واضح نہیں ہوا ہے کہ جواد ظریف کو استعفی دینے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔انسٹا گرام پر جاری کیے گئے پیغام میں انھوں اپنے ہم وطنوں کا شکریہ ادا کیا لیکن کوئی وجہ نہیں بتائی کہ وہ وزارت کیوں چھوڑ رہے ہیں۔
اس بارے میں یقین سے نہیں کہا جا سکتا ہے کہ صدر حسن روحانی اپنے وزیر خارجہ کا استعفی قبول کریں گے یا نہیں اور صدر کے چیف آف سٹاف نے بھی ان خبروں کی تردید کی ہے کہ استعفی منظور کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے جوہری معاہدے سے نکل جانے کے باعث حالیہ کچھ عرصے میں جواد ظریف پر ملک میں مخالفین کی جانب سے شدید دباؤ تھا۔
ادھر امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے ایرانی وزیر خارجہ کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹویٹ کی کہ یہ دیکھنا ہوگا کہ یہ استعفی قبول ہوتا ہے یا نہیں ہو تا ہے۔
Comments are closed.