کینیڈین لڑکی پاکستان میں
مشتاق احمد مشتاق
مغربی دنیا میں پاکستان کے خلاف ایسا منفی پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ وہاں کے لوگ پاکستان کو ایسا ملک سمجھتے ہیں کہ اگر یہاں آئے تو خدانخواستہ زندہ نہیں بچ پائیں گے تاہم اب کینیڈا کی ایک لڑکی نے اس پراپیگنڈے کی قلعی کھول دی ہے۔ روزی گیبرئیل نامی یہ لڑکی موٹر سائیکل پر پورے پاکستان کا چکر لگا رہی ہے۔
گزشتہ روز اس نے اپنے فیس بک اکاﺅنٹ کے ذریعے دنیا کو حقیقت بتاتے ہوئے لکھا ہے کہ ”جب میں پاکستان آ رہی تھی تو ہر ایک نے مجھ سے کہا تھا کہ پاکستان میں کسی اکیلی خاتون کا جانا ہی بہت خطرناک ہے، اکیلی خاتون کا موٹرسائیکل پر پاکستان بھر کا سفر کرنا تو دور کی بات ہے۔ لیکن اب پاکستان میں موٹرسائیکل پر 1500کلومیٹر کا اکیلے سفرکیا۔
میں ان لوگوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ پاکستان میں میرا اکیلے سفر کرنے کا تجربہ کیا رہا۔ اس سفر میں جہاں بھی لوگوں نے مجھے دیکھا ان کے چہرے پر ایک مسکراہٹ تھی۔ میں جہاں بھی رکی، متعدد لوگوں اور فیملیز نے مجھے اپنے گھر میں قیام کرنے کی پیشکش کی۔
میں جب بھی چائے پینے یا کھانا کھانے کے لیے رکی، کم ہی ایسا ہوا کہ میں نے خود اس چائے یا کھانے کے پیسے دیئے ہوں۔ ہر بار وہاں موجود کسی نہ کسی پاکستانی نے میرے کھانے پینے کا بل ادا کیا۔
اگر میں خود بل دینے پر اصرار کرتی تو وہ مجھے مجبور کر دیتے کہ میں اپنے پیسے واپس پرس میں رکھ لوں۔ کئی بار تو ہوٹلوں کے مالکان نے ہی مجھ سے پیسے لینے سے انکار کر دیا۔ یہ سب لوگ ایک ہی بات کہتے تھے کہ آپ ہماری مہمان ہیں۔میں جہاں بھی گئی، کھانا میرے آگے پیچھے ہوتا۔“
روزی گیبرئیل نے مزید لکھا کہ ”مجھے کئی فیملیز نے اپنے گھروں میں کھانا کھلایا اور بازار میں اشیاءفروخت کرنے والوں نے مجھے تحفے میں اشیاءدیں۔ میں جہاں سے گزرتی ہر کوئی مجھے ہیلو کہتا اور پوچھتا کہ میں کس ملک سے ہوں۔ وہ سب متجسس ہوتے کہ میں پاکستان کے بارے میں کیا سوچتی ہوں۔
مجھے پاکستانیوں کی طرف سے اب تک اتنے تحائف مل چکے ہیں کہ میں شمار نہیں کر سکتی اور اس سارے سفر میں مجھے پاکستانیوں کی طرف سے ایسی میزبانی کا تجربہ حاصل ہوا ہے کہ دنیا میں کہیں اور نہیں ہو سکتا۔
مجھے ایسے پاکستانیوں نے بھی کھانا کھلایا اور تحائف دیئے جو غریب تھے اور ان کے پاس دینے کے لیے کچھ نہیں تھا۔ وہ مجھے دل سے تحائف دیتے اور ان کا میزبانی کا یہ انداز میرے دل کو چھو جاتا۔ میں سچ میں پاکستانی لوگوں کی محبت میں گرفتار ہو چکی ہوں۔
یہ پاکستان ہے۔ یہ امن اور محبت کا ملک ہے اور یہ میرا اب تک کا وہ تجربہ ہے جس میں میں نے اپنی طرف سے کوئی اضافہ نہیں کیا۔ مغربی میڈیا میں پاکستان کا جو چہرہ دکھایا جاتا ہے وہ بالکل غلط ہے۔
حقیقت میں پاکستان اس کے بالکل برعکس ہے۔ جب میری اس حوالے سے پاکستانیوں سے بات ہوتی ہے تو ان کی آنکھوں میں آنسو آ جاتے ہیں۔ میں دیکھتی ہوں کہ انہیں اس بات پر کتنا دکھ ہوتا ہے کہ دیگر ممالک میں ان کے ملک کے متعلق کتنا جھوٹ بولا جاتا ہے۔
Comments are closed.