قائمہ کمیٹی قومی صحت این آئی ایچ کی حالت زار پر ناخوش


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) سینٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے قومی صحت نے نیشنل ہیلتھ لیبارٹری اسلام آباد کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بہتری لانے کی ہدایت کردی.

سینٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے قومی صحت کے ارکان نے نیشنل ہیلتھ لیبارٹری کا دورہ کیا جہاں انھیں مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی.

اس موقع پر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے نیشنل ہیلتھ لیبارٹری کی ابتر صورت حال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔اور کہا ہے کہ قومی صحت کے سب سے بڑے ادارے کا یہ حال ہے تو پھر باقی ملک کا کیا ہو گا۔

سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ جو ادارہ پورے ملک میں صحت سے متعلقہ معا ملات چلا رہا ہے وہ خود زبوں حالی کا شکار ہے۔انھوں نے کہا کہ دنیا نے کووڈ ویکسین بھی بنا لی اور کہاں سے کہاں معا ملات پہنچ گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ابھی تک عالمی معیار کا ادارہ بھی نہیں بنا سکے، اربوں روپے صحت کا بجٹ ہونے کے باوجود قومی صحت کے ادارے کی لیبارٹری میں بوسیدہ کھڑکیاں غیر ملکی امداد کے انتظار میں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ادارے ملک کی ملکیت ہیں
اور 20 کروڑ آبادی کے ملک میں ان کا یہ حال ہونا ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے، قائمہ کمیٹی کے ارکان نے بہتری لانے پر زور دیا.

ذرائع کے مطابق دورے کے دوران قائمہ کمیٹی کے بعض ارکان نے این آئی ایچ کے کچھ بوسیدہ حصے اور خاص پرانی کھڑکیاں اور دروازے دیکھ کر حیرانگی کا اظہارکیا.

Comments are closed.