دوسرا ٹی ٹوئنٹی ، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو7رنز سے ہرادیا
گیانا: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 7 رنز سے ہرادیا ، محمد رضوان نے بیٹنگ میں اور محمد حفیظ نے باولنگ میں ریکارڈ اپنے نام کیا۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کرپاکستان پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، حسب سابق شرجیل کی اننگز 20رنز سے آگے نہ بڑھ سکی، اس موقع پر
دوسری وکٹ کے لیے رضوان اور بابراعظم نے 67 رنز کی شراکت قائم کی، رضوان 46 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
کپتان بابر اعظم نے 51رنز بنائے محمد حفیظ صرف6رنز بنا سکے،پاکستان کی پانچ وکٹیںآ خری چار اوورز میں صرف23رنز کا اضافہ کرکے گریں اور بیٹسمین آتے شارٹ کھیلتے اور آوٹ ہو کر واپس جاتے رہے۔
جیسن ہولڈر نے پہلی گیند پر حسن علی کو آؤٹ کیا اور اگلی گیند پر صہیب مقصود کی جانب سے مارے گئے چھکے کو شیفرڈ نے ناقابل یقین کیچ میں تبدیل کر کے پاکستان کو ساتواں نقصان پہنچایا،اننگز کی آخری گیند پر شاداب خان رن آؤٹ ہو ئے۔
پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 4 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔
ویسٹ انڈیز نے اننگز کا آغاز کیا تو حفیظ نے دوسری ہی گیند پر آندرے فلیچرکو بولڈ کردیا،حفیظ نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کی وجہ سے ویسٹ انڈین بلے باز کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے، محمد حفیظ نے اپنے 4اوورز میں ایک میڈ ان کرایا اورصرف6رنز دے کر ریکارڈ بنایا۔
کرس گیل نے 20 گیندیں کھیلنے کے باوجود 16 رنز بنائے اور حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے ،ایون لوئس نے شیمرون ہٹمائر کے ساتھ مل کر اسکور کو 70 رنز تک پہنچایا لیکن اسی مرحلے پر شیمرون ہٹمائر آوٹ ہو گئے ۔
چھ رنز کے اضافے سے وکٹ پر سیٹ بلے باز ایون لوئس 32 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے، اس کے بعد نکولس پوران نے جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا تھا تاہم کوئی اور بیٹسمین ان کا ساتھ نہ دے سکا، کپتا ن پولارڈ بھی دباو میں نظر آئے۔
پوران نے 33 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی اور کیرن پولارڈ کے ساتھ مل کر 64 رنز جوڑے، پولارڈ 16رنز بنا کر شاہین شاہ کی بال پر وسیم جونیر کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔
میچ کے آخری اوور میں ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے 20 رنز درکار تھے لیکن وہ صرف 12 رنز بنا سکے اور اس طرح پاکستان نے میچ 7 رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز میں بھی 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
4 اوورز کے کوٹے میں چھ رنز کے عوض ایک وکٹ لینے والے محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، سیریز کا پہلا ٹی20 میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔
پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان، شرجیل خان، فخر زمان، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شاداب خان، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان قادر۔
ویسٹ انڈیز: کیرن پولارڈ(کپتان)، آندرے فلیچر، ایون لوئس، کرس گیل، شیمرون ہٹمائر، نکولس پوران، ڈیوین براوو، ہیڈن واش، جیسن ہولڈر، عقیل حسین اور روماریو شیفرڈ۔
2nd T20I UPDATE: West Indies win toss, decide to field.#HarHaalMainCricket | #BackTheBoysInGreen | #WIvPAK pic.twitter.com/OyA844SiEr
— Pakistan Cricket Live (@TheRealPCB_Live) July 31, 2021
کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق فیس ماسک اور سماجی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے تماشائی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے آسکتے ہیں اور ہدایات جاری کی گئیں کہ این او پیز کا خیال رکھا جائے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 4 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث ختم کردیا گیا تھا جبکہ تیسرا اور چوتھا میچ یکم اور 3 اگست کو شیڈول ہے۔
Comments are closed.