کابل انتظامیہ شکست دیکھ کر پاکستان پر الزام لگا دیتی ہے، طالبان


کابل،زابل( ویب ڈیسک )افغان طالبان نے واضح کیاہے کہ افغان حکومت کی طرف سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات بلا جواز ہیں
افغان فورسز کے اہلکار اضا کارانہ طور پر ہمارے ساتھ مل رہے ہیں۔

ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم لڑائی نہیں امن چاہتے ہیں، اقوام متحدہ کی رپورٹ بے بنیاد ہے اقوام متحدہ کی رپورٹ کے پیچھے کوئی ملک شرارت کر رہا ہے۔

ترجمان طالبان نے کہا کہ ہماری پالیسی ہے کہ ہم افغانستان کی سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جب بھی افغانستان میں ہماری حکومت ہو گی اس وقت ہم عملی طور پر ایسا ثابت کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ اب بھی جو علاقے ہمارے کنٹرول میں ہیں وہاں کسی کو دوسرے ملک کے خلاف کوئی قدم اٹھانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔بھارت کے ساتھ ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہوا ۔ ہم چاہتے ہیں کہ آزادی کے بعد افغانستان کی تعمیر نو پر توجہ دیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم کئی بار واضح کرچکے ہیں کہ دوسرے ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے اور امن کے قیام پر توجہ دیں ہم اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔یہ غلط ہے کہ افغانستان میں ایسا ہوگا ویسا ہوگا ۔

ترجمان نے کہا کہ یہ کہنے والے نہیں چاہتے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔جب بھی کابل ایڈمنسٹریشن کو شکست ہوتی ہے تو وہ پاکستان پر الزام لگا دیتی ہے افغانستان میں کامیابی افغان عوام کی ہے ہم لڑائی نہیں امن چاہتے ہیں۔

ادھرافغان صوبے زابل میں گزشتہ روز مارٹر گولہ گھر پر گرنے سے 5 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبے زابل کے شہر قلات میں مارٹر گولہ گھر پر گرنے کے نتیجے میں 3 بچوں اور 2 خواتین سمیت12افراد زخمی ہوئے۔

افغان حکام کے مطابق قلات کے گردو نواح میں طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں اور مارٹر گولہ بھی طالبان کی جانب سے فائر کیا گیا تھا تاہم طالبان ابھی تک اس پر طالبان کا ردعمل نہیں آیا۔

Comments are closed.