ٹرمپ کا پاکستان اور بھارت کو مشورہ، اقوام متحدہ کی پیشکش
واشنگٹن (نیٹ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بہت ہی اچھا ہو اگر پاکستان اور بھارت تعلقات بہتر کرلیں۔
واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پلوامہ میں دہشت گردوں کا حملہ بہت خوفناک تھا، اس حوالے سے رپورٹس مل رہی ہیں تاہم صحیح وقت آنے پر ان حملوں پر بات کروں گا۔
ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بہت ہی اچھا ہو اگر پاکستان اور بھارت اپنے تعلقات بہتر کرلیں۔
یاد رہے پلوامہ میں خودکش حملے میں 46 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا ہے تاہم پاکستان نے اس الزام کو یکسر مسترد کیاہے۔
ادھر اقوام متحدہ نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔
ترجمان کے مطابق سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاک بھارت کشیدگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
Comments are closed.