قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، اسپیکر کا ارکان کو سزا دینے کااعلان


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام )قومی اسمبلی میں بدترین ہنگامہ آرائی کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان میں پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کرنے اور ملوث اراکین کو سزا دینے اعلان کردیا ہے ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں جب ان سے میزبان نے سوال کیا کہ آج ایوان میں دھنگل ہی ہوا ہے تاہم قومی خزانے کو اراکین قومی اسمبلی کی لڑائی بھی 4کروڑ میں پڑی ہے توجواب میں اسد قیصر نے واقعات کی تحقیقات اور ذمہ داروں کو سزا دینے کا اعلان کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ غیرپارلیمانی یا بد زبانی کرنے والے ارکان کو (بطور سزا) آج ( بدھ) ایوان میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی انھوں نے کہا کہ دو نوں طرف کے ارکان کا رویہ افسوسناک تھا۔

ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن اور حکومتی اراکین نے ہنگامہ آرائی کے دوران ایک دوسرے کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔ اسد قیصر نے کہا کہ لڑائی میں ملوث اپوزیشن اور حکومتی اراکین کے رویہ کی مذمت کی۔

قائدِ حزب اختلاف کی تقریر کے دوران حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے ایک دوسرے پر بجٹ کی کاپیاں پھینکیں، جس کے نتیجے میں تحریک انصاف کی خاتون رکن اسمبلی ملائیکہ بخاری کی آنکھ زخمی بھی ہوئی۔

منگل کو قومی اسمبلی میں اسیپکر اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں مبینہ طور پر اپوزیشن جماعت کے ایک رکن کی جانب سے غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کیا گیا جس کے بعد حکومتی رکن علی اعوان نے بھی ایسا ہی کیا۔

قو می اسمبلی میں شروع ہونے والے دھنگل میں ارکان نے ایک دوسرے کو بجٹ دستاویز مارنا شروع کیا اوراس دوران بعض نے ایک دوسرے کو گالیاں بھی دیں ، ایوان میں شور شرابے کا ماحول کافی دیر تک چلتا رہا۔

اراکین نے ایک دوسرے پر چڑھائی کی اور نوبت ہاتھا پائی تک بھی پہنچی، ایوان کی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے اسپیکر نے دو بار اجلاس کو ملتوی کردیا اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف دوسرے دن بھی اپنی تقریر مکمل نہ کرسکے۔

Comments are closed.