دورہ ویسٹ انڈیز ، ایک ٹیسٹ کم کرکے نیا شیڈول جاری کر دیا گیا
لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران دونوں ممالک نے باہمی مشاورت سے ایک ٹیسٹ میچ ختم کرکے نیا شیڈول جاری کردیا گیا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز نے کرکٹ میچز میں شائقین کی دلچسبی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کو دو کرکے ٹی ٹوئنٹی کی تعداد 3سے بڑھا کر 5کردی ہے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق پاکستان ٹیم 21 جولائی سے 24 اگست تک ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی، دورے میں 5 ٹی ٹونٹی میچز اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، 5 ٹی ٹونٹی میچز دو وینیوز بارباڈوس اور گیانا میں کھیلے جا ئیں گے۔
ٹی ٹونٹی میچز 27اور 28 بار باڈوس میں جب کہ 31 جو لائی ، یکم اگست اور تین اگست کو ٹی ٹونٹی میچز گیانا میں کھیلے جائیں گے ۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل دو روزہ پریکٹس میچ گیانا میں ہو گا جب کہ جمیکا میں پہلا ٹیسٹ 12 اور دوسرا ٹیسٹ 20 اگست سے شروع ہو گا۔
دونوں کرکٹ بورڈز نے باہمی مشاورت کے بعد شیڈول کی منظوری دی جس کے تحت قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز کھیلنے کے بعد 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچے گی۔
دورہ ویسٹ انڈیز کے حوالے سے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ ویسٹ انڈیز ہمیشہ بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور وہاں کھیلوں کی بہترین سہولیات اور حوصلہ افزائی کرنے والے شائقین کرکٹ کی موجودگی تمام کھلاڑیوں کو حوصلہ دیتی ہے۔
Comments are closed.