کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے اسلام آباد کو 7 وکٹوں سے قابو کر لیا


دبئی(ویب ڈیسک)  پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 158 رنز کا ہدف دے دیا جو اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔شین واٹسن کے ناقابل شکست 81 رنز نے کوئٹہ کو مسلسل دوسری فتح دلائی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔یونائیٹڈ کی جانب سے مایوس کن آغاز کیا گیا اور ابتدائی دو بلے باز صفر رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے، اسلام آباد الیون کی جانب سے وائن پارنل نے 41، آصف علی 36 اور حسین طلعت 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر نے 4 اور فواد احمد نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر شین واٹسن نے عمدہ کھیل پیش کیا تاہم احمد شہزاد ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف دو رنز بناکر پویلین لوٹے۔

واٹسن اور عمر اکمل کے درمیان اچھی شراکت داری قائم ہوئی اور دونوں نے تیزی سے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ عمر اکمل44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان سرفراز احمد کریز پر آئے اور پھر کوئٹہ کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔ سرفراز نے 16 گیندوں پر 15 رنز بنائے جبکہ شین واٹسن 81 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہےاور چوکا مار کر کوہٹہ کو فتح سے ہمکنار کیا۔

Comments are closed.