محمد حفیظ آج 100واں ٹی 20میچ، ایک اور اعزاز بھی منتظر
اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک)سابق کپتان اور پاکستان کے اسٹار آل راونڈر محمد حفیظ آج اپنے ٹی ٹوئنٹی کیرئر کا 100واں میچ کھیلیں گے ، حفیظ نے خواہش ظاہر کی ہے کہ چاہتا ہوں سویں میچ کا مین آف دی میچ بنوں۔
ورچوئل کانفرنس میں محمد حفیظ نے کہا کہ خواہش ہے کہ میرے 100ویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کامیابی حاصل کرے۔ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے متعلق محمد حفیظ نے کہا کہ پانچ روزہ کرکٹ سے اپنی مرضی سے ریٹائرمنٹ لی تھی اور کوئی دباؤ نہ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستانی ٹیم بہت اچھی فارم میں ہے، امیدہے کہ پروٹیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتیں گے،پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی ٹیم کا حصہ تھا اور اب میچز کی سنچری مکمل کرنے جارہا ہوں۔
واضح رہے پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 10 اپریل کو وانڈررز اسٹیڈیم جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، اس میچ میں شائقین کرکٹ کی نظریں قومی کرکٹر محمد حفیظ پر مرکوز ہوں گی۔
محمد حفیظ کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 100 انٹرنیشنل میچز مکمل کرنے کے لیے صرف ایک میچ اور شعیب ملک سے زیادہ رنز بنانے کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں، شعیب ملک 116 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر ہیں۔
محمد حفیظ نے پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اگست 2006 میں انگلینڈ کے خلاف برسٹل کے مقام پر کھیلا تھا جہاں انہوں نے 46 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ محمد حفیظ نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کا 50واں میچ بھی 2013 میں اسی وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا تھا جہاں آج ممکنہ طور پر وہ اپنا 100واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔
محمد حفیظ اب تک 99 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 2323 رنز بنا چکے ہیں، اس فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز شعیب ملک کے پاس ہے جو 116 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 2335 رنز بنا چکے ہیں۔
Comments are closed.