نہر سوئز میں پھنسا جہاز خلاص،300جہاز راستہ کھلنے کے منتظر


قاہرہ ( ویب ڈیسک)نہر سوئز میں پھنسے ہوئے تائیوان کے ایور گرین نامی مال بردار بحری جہاز کو نکال لیا گیا ہے تاہم جہازوں کی آمدو رفت شروع ہونے سے متعلق تصدیق نہیں ہو سکی۔

عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بحری جہاز پھنسنے سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، اور تجارتی گزرگاہ بند ہونے سے یومیہ 9 ارب ڈالر مالیت کی تجارت متاثر ہوئی، تجارتی نقل و حمل کے نقصان کا تخمینہ 400 ملین ڈالر فی گھنٹہ لگایا گیا ہے۔

یہ مال بردار جہاز منگل کو نہر سوئز میں پھنس گیا تھا جس سے نہر سوئز میں سیکڑوں مال بردار جہاز رک گئے تھے، کیونکہ دنیا کی دس فیصد سے زائد عالمی تجارت نہر سوئز کے راستے ہوتی ہے۔

تقریباً ایک ہفتے سے پھنسے ہوئے بحری جہاز کو زمین کی گرفت سے آزاد کروا لیا گیا ہے،مقامی حکام کے مطابق 400 میٹر لمبے اس بحری جہاز کو موڑ کر سیدھا کر لیا گیا ہے اور نہر کے کنارے سے جہاز کا سامنے کا حصہ علیحدہ ہو گیا ہے۔

جہاز کے مالک نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اب تک جہاز کا رخ موڑا جا سکا ہے، رپورٹ میں یہ بھی کہا گیاہے کہ پھنسا ہوا مال دار بحری جہاز مکمل طور پر تیرنے کے قابل ہوگیا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات کے سپر مون کی وجہ سے اٹھنے والی اونچی لہر ریت میں پھنسے جہاز کو نکالنے میں مددگار ثابت ہوئی، جہاز پھنسنے سے عالمی معیشت کو یومیہ نو ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہورہا تھا۔

اس حوالے سے نہر کے حکام کے مطابق جہاز کا رخ سیدھا ہونے کے بعد جہاز دوبارہ سے تیرنے کے قابل ہوگیا ہے اور جہاز کی وجہ سے رکے ہوئے تین سو سے زائد مال بردار جہازوں کی آمدو رفت بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ، نہر سوئز ایشیا اور یورپ کے درمیان مختصر ترین سمندری راستہ ہے، مصری عملے کی کوششوں سے جہاز دوبارہ سفر کے قابل ہوا۔

Comments are closed.