پاکستان سپرلیگ کے چوتھے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی
دبئی(ویب ڈیسک) دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کردی گئی، تمام ٹیموں کے کپتانوں اور مہمانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
پی ایس ایل 4 کا باقاعدہ آغاز 14 فروری کو دبئی میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹیڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ سے ہوگا ۔
ایونٹ کی ٹرافی کی رونمائی تقریب میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی، ایم ڈی پی سی بی وسیم خان، تمام فرنچائز مالکان اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، لاہور قلندرز کے محمدحفیظ ، کراچی کنگز کے عماد وسیم، ملتان سلطانز کے شعیب ملک اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے مختلف ٹرافیوں کی رونمائی کی۔
پی ایس ایل 4 کی ٹرافی کی رونمائی کے بعد تمام ٹیموں کے کپتانوں نے اس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں ، بعد میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا اب تک کا سفر شاندار ہے، ایونٹ کی کامیابی میں فرنچائز اونرز، اسپانسرز اور سب سے زیادہ کردار کھلاڑیوں نے ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ 3 سال میں پاکستان سپر لیگ پاکستان کا قومی فخر بن چکا ہے، اس لیگ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنا ہنر دکھانے کا موقع دینا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب 14 فروری کو دبئی میں ہوگا اور اسی روز افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹیڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.