ڈی آئی جی ہزارہ کا دورہ ہری پور، پولیس دربار سے خطاب
ہری پور(یاورحیات)ڈی آئی جی ہزارہ میرویس نیاز نے کہا ہے کہ ہم نے ایسے اقدامات اٹھائے ہیں تا کہ عام عوام کو محکمہ پولیس کی جانب سے سہولیات میسر ہوسکیں شہداء کی فیملیز کی فلاح و بہبود کیلئے ہیروز آف ہزارہ ٹرسٹ کو مزید مستحکم اور فعال کیا جائے گا.
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن میرویس نیاز ہریپور میں پولیس دربار سے خطاب کررہے تھے، انھوں نے ریٹائرڈ پولیس افسران و جوانوں اور شہداء پولیس کی فیملیز سے ملاقات بھی کی اور زیر تعمیر پولیس لائن کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ بھی لیا.
ڈی آئی جی ہزارہ نے پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا ہریپور آنے کا مقصد اپنے پولیس افسران اور جوانوں سے ملنا انکو دوران ڈیوٹی درپیش مسائل کو سننا ہے تاکہ ہم سب مل بیٹھ کر ان مسائل کا حل نکال سکیں، مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ اس دربار میں ریٹائرڈ پولیس افسران و جوانوں کیساتھ ساتھ ہمارے ہیرو شہداء پولیس کی فیملیز نے بھی شرکت کی.
انھوں نے کہا ان سے ملاقات میرے لیے قابل فخر ہے، شہداء اور ریٹائرڈ پولیس افسران و جوان ہمارے پولیس فورس کا حصہ ہے۔ شہداء کی فلاح و بہبود اور ہر ممکنہ تعاون کے حوالے سے سابقہ ڈی آئی جی ہزارہ ڈاکٹر مظہرالحق نے جو ہیروآف ہزارہ ٹرسٹ کا قیام عمل میں لایا اس کو مزید فعال اور مستحکم کیا جائے گا.
ڈی آئی جی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ضلع ہریپور کیلئے مزید نفری کی منظوری دے دی ہے جس سے نفری کی کمی کے باعث درپیش مسائل میں کمی واقع ہوگی۔ ہم سب ایک ٹیم اور فیملی کی طرح ہے اور ہم سب نے ایسے اقدامات اٹھانے ہے جس سے عام عوام کو محکمہ پولیس کی جانب سے سہولیات میسر ہوسکیں اور پولیس پر لوگوں کا اعتماد مزید مستحکم ہو۔
میرویس نیاز نے کہا تھانہ جات اور پولیس دفاتر میں میرٹ کی بنیاد پر لوگوں کی قانونی مدد کرنی اور انکے مسائل حل کرنے ہیں، تھانہ میں آنے والے اور ٹریفک پولیس اہلکاروں نے سڑک پر دوران ڈیوٹی مسافروں اور سائلین کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کیساتھ خوشی اخلاقی کیساتھ پیش آنا ہے.
ہریپور پولیس میں مختلف شعبہ جات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے پولیس افسران اور جوانوں میں ڈی آئی جی ہزارہ نے تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے ، زیر تعمیر پولیس لائنیز ہریپور کے کنٹریکٹر نے ڈی آئی جی ہزارہ کو پولیس لائینز کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کی اور ڈی پی او ہریپور کے ہمراہ مختلف جگہوں پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا.
اس سے قبل ضلع ہریپور پہنچنے پر ڈی پی او ہریپور کاشف ذوالفقار اور دیگر پولیس افسران نے ڈی آئی جی ہزارہ کا استقبال کیاپولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی،ڈی پی او ہریپور کاشف ذوالفقار نے ہریپور پولیس کی کارکردگی اور ہریپور میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال سے ڈی آئی جی ہزارہ کو آگاہ کیا.
Comments are closed.