خالہ نے بستر گیلا کرنے پر5سالہ بھانجے کو قتل کردیا
فوٹو: ٹیلی گراف انڈیا فائل
فرخ آباد: ایک خاتون نے بستر گیلا کرنے پر اپنے پانچ سالہ بھانجے کو پہلے قتل کیا پھر اس کی لاش سات فٹ گہرے گڑھے میں دفن کردی۔
یہ لرزہ خیز واردات بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقہ فرخ آباد میں کی گئی جہاں 38 سالہ خاتون نے اپنے 5 سال کے بھانجے یش پرتاب کو بستر گیلا کرنے پر طیش میں آ کر قتل کیا۔
حیرت انگیز طورپر اندوہناک واردات میں بچے کے نانا نے بھی اپنی بیٹی کا ساتھ دیا ،بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچے کی لاش پھینکنے کے لیے نانا نے بھی اپنی بیٹی کا ساتھ دیا اور نواسے کی لاش کو ٹھکانے لگانے میں مدد کی۔
رپورٹ کے مطابق ملزمہ کے ساتھ قتل کی اس واردات میں اس کا 68 سالہ والد بھی ملوث تھا جو مقتول بچے کا نانا بھی تھا، 5 سالہ مقتول بچے کی والدہ کا تین سال قبل انتقال ہوگیا تھا، جس کے بعد وہ اپنی دادی کے ساتھ ہی رہتا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ جب دادی کا بھی انتقال ہوگیا تو باپ نے بیٹے کو اس کی خالہ کے گھر بھیج دیا تاکہ وہ اپنے کزن کے ساتھ اسکول میں اپنی پڑھائی جاری رکھے۔
بتایا گیا کہ یش کی خالہ نے پہلے تو بچے کی گمشدگی کا بہانہ بنایا اور اپنی ایک کزن کو بتایا کہ اس نے بستر گیلا کردیا تھا جس پر کمرے میں بند کردیا تھا لیکن پھر وہ پتہ نہیں کہاں چلا گیا جس کے بعد خاتون نے بارہا اپنے بیانات تبدیل کیے۔
بیانات تبدیل ہونے پر مقامی پولیس کو شُبہ ہوا اور مزید تحقیق کے لیے علاقہ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد لی گئی، فوٹیجز میں رات گئے خالہ کو ایک سیاہ رنگ کے بڑے شاپر میں بچے کو اپنے باپ کے ہمراہ جنگل لے جاتے ہوئے دیکھا گیا ۔
ویڈیو دیکھ کر پولیس کا شک یقین میں بدل گیا۔ بچے کے والد اور دادی نے قاتلوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments are closed.