جوبائیڈن نے مسلم ممالک پرعائد سفری پابندیاں ختم کردیں
واشنگٹن :امریکی صدر جوبائیڈن نے صدارت سنبھالتے ہی کچھ مسلم اور افریقی ممالک پر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عائد کردہ سفری پابندیاں ختم کردیں، 17 حکمناموں پر دستخط کئے۔
جو بائیڈن حلف برداری کی تقریب کے بعد آرلنگٹن میں پریڈ کا معائنہ کیا اور سہ پہر کو وائٹ ہاؤس پہنچے جہاں سب سے پہلے حکم ناموں پر دستخط کیے۔
اوول آفس سے جو بائیڈن نے 17 حکم ناموں، یادداشتوں اور اعلانات پر دستط کیے جس میں پیرس ماحولیاتی معاہدے میں دوبارہ شمولیت اور مسلمانوں پر لگائی پابندیوں کا خاتمہ تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جوبائیڈن نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی سابق صدر ٹرمپ کے دورکے کئی فیصلے واپس لئے.
امریکی صدر کے احکامات کے تحت نوجوان تارکین وطن کو تحفظ دیا جائے گا اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر روک دی جائے گی۔
امریکی صدر نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس معاہدے کو پھر سے بحال کر دیا جب کہ تمام وفاقی املاک پر ماسک لازمی قرار دینے کے بل پر بھی دستخط کر دیے ہیں۔
جوبائیڈن کی پریس سیکریٹری جین ساکی کا کہنا ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں اور ہفتوں میں ہم ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اضافی ایگزیکٹو اقدامات کریں گے جن کا امریکی عوام سے وعدہ کیا تھا۔
Comments are closed.